چین، پاکستان سمیت دیگر دیرینہ دوست ممالک میں فوجی اڈہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے


چین، پاکستان سمیت دیگر دیرینہ دوست ممالک میں فوجی اڈہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے

واشنگٹن نے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ چین، پاکستان سمیت دیگر دیرینہ دوست ممالک میں فوجی اڈے قائم کرے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں چین سے متعلق کہا گیا کہ چین پاکستان میں اپنے فوجی اڈہ قائم کرنا چاہتا ہے۔

پینٹاگون کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ شمال مشرقی افریقی ریاست جبوتی میں فوجی اڈہ قائم کرنے کے بعد چین بیرون ممالک میں مزید اڈے بنائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کانگریس کو پیش کی گئی 97 صفحات پر مشتمل پینٹاگون کی سالانہ رپورٹ میں چینی فوج کی سال 2016 میں ہونے والی پیش قدمی کا بھی ذکر کیا گیا۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی فوج نے گذشتہ سال 180 ارب ڈالر خرچ کیے جو کہ چینی سرکاری دفاعی بجٹ 140.4 ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔

رپورٹ میں جبوتی میں تعمیر ہونے والے پہلے چینی نیول بیس کی تعمیر کا ذکر بار بار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جبوتی امریکی فوج کا ایک اہم اڈہ ہے اور یہ ملک سوئز کینال کے راستے پر بحیرہ احمر کے داخلی حصہ پر واقع ہے۔

پینٹاگون کی رپورٹ کے مطابق چین ایسے ممالک میں مزید فوجی اڈے بنانے کی کوشش کرے گا جن کے ساتھ اس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور یکساں اسٹرٹیجک مفادات ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان ایشین پیسیفک خطے میں چینی ہتھیاروں کی سب سے بڑی منڈی ہے جبکہ 2011 سے 2015 کے دوران دنیا بھر میں 20 ارب ڈالر کی چینی ہتھیاروں کی برآمدات میں سے 9 ارب ڈالر کے چینی ہتھیار اسی خطے میں فروخت کیے گئے جبکہ گزشتہ سال ہی چین نے پاکستان کیساتھ 8 آبدوزوں کا معاہدہ طے پایا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری