مولوی شہنوازی: دہشت گردانہ حملے ایرانی قوم کے عقائد میں ذرہ برابر تبدیلی بھی نہیں لا سکتے


مولوی شہنوازی: دہشت گردانہ حملے ایرانی قوم کے عقائد میں ذرہ برابر تبدیلی بھی نہیں لا سکتے

ایران کے شہر خاش کے اہلسنت امام جمعہ نے اس بیان کیساتھ کہ دہشتگرد آل سعود اور اسرائیل کی دولت کے نشہ میں چور ہو کر یہ جرائم انجام دیتے ہیں، کہا کہ دہشت گرد اور ان کے استکباری آقا جان لیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے ایران کی دور اندیش قوم کے عقائد میں ذرہ برابر تبدیلی بھی نہیں لا سکتے۔

خاش میں تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے اہل سنت کے امام جمعہ مولوی محمد علی شہنوازی نے امام خمینی کے مرقد اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی اسمبلی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور ان کے عالمی استکبار کے پرچمدار آقا و مالک جان لیں کہ اس طرح کے مذموم حملے ایران کی دوراندیش قوم کے عقائد و اعتقادات میں ذرہ برابر تبدیلی بھی نہیں لا سکتے۔

خاش کے اہلسنت امام جمعہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے اور عالمی سطح پر طاقتور اور اثر و رسوخ رکھنے والا ملک ہے اور ایسے بزدلانہ حملے ایران کی فولادی اور غیرت مند قوم پر ذرہ برابر بھی منفی اثر نہیں ڈال سکتے۔

انہوں نے ایران میں بدامنی پھیلانے کیلئے داعش کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے دہشت گردوں نے ابھی تک اپنے مالکوں کے اشارے پر ایران میں بدامنی پھیلانے کی بہت سی کوششیں کی ہیں جسے ہمیشہ ہی ایرانی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد آل سعود اور اسرائیل کی دولت کے نشہ میں چور ہو کر یہ جرائم انجام دیتے ہیں۔

مولوی شہنوازی نے تہران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے خلاف پولیس اور سیکورٹی فورسز کی کارروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ اس طرح کے دردناک اور غمناک حادثے معاشرے میں اختلاف اور انتشار کا سبب بنیں بلکہ ایسے حادثے ہماری یکجہتی اور اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنیں۔

خاش کے اہلسنت امام جمعہ نے کہا کہ ایران کی غیرت مند عوام اتحاد اور اتفاق کے ساتھ اسلام مخالف دہشت گرد تنظیموں کا راستہ روکیں اور ان تنظیموں کو مزید پھلنے پھولنے کا موقع نہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یقینا ہماری محافظ  فورس کم سے کم ممکنہ وقت میں اس حادثے کے مجرموں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ 

اہم ترین انٹرویو خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری