پاکستان اور بھارت کے وزرا اعظم کی ملاقات / مصافحہ اور مسکراہٹوں کا تبادلہ


پاکستان اور بھارت کے وزرا اعظم کی ملاقات / مصافحہ اور مسکراہٹوں کا تبادلہ

قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں وزیراعظم نواز شریف کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماوں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کی احوال پرسی کی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان اور بھارت کے وزرااعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے آستانہ میں موجود ہیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے اور ہندوستان ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم نواز شریف کی مختصر ملاقات جمعرات کی شام کو قزاقستان کے صدر نور سلطان نذر بائیوف کی جانب سے دیے جانے والے اعشائیے کے موقع پر رہنماؤں کے لیے مختص لاؤنج میں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف سے ان کی والدہ اور خاندان کی خیریت بھی دریافت کی۔

بھارتی ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے بعد دونوں رہنما تقریب میں ایک میز کی بجائے الگ الگ بیٹھے۔

خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اجلاس کے موقع پر رسمی ملاقات طے نہیں ہے۔

یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متنازع کشمیر کی صورتحال، لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات اور انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو کی وجہ سے شدید تناو کا شکار ہیں۔

دھیان رہے کہ آج شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں دونوں ممالک کو مکمل رکنیت بھی دی جائے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری