وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کرایوں میں 33 فیصد کمی کا اعلان کر دیا


وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کرایوں میں 33 فیصد کمی کا اعلان کر دیا

پاکستان ریلویز نے عید کے موقع پر کرایوں میں 33 فیصدکمی کا اعلان کردیا، عید پر کراچی،کوئٹہ سمیت ملک بھر میں 5 خصوصی ٹرین چلانے کا بھی اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق عید کے موقع پر مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے کرایوں میں 33 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ  وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا۔

فیصلے کے مطابق عید الفطر کے موقع پر ملک بھر میں اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے جانے والے افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستانی ریلوے اقدامات کرے گا اس ضمن میں 33 فیصد کرائے کم کیے جائیں گے اور ساتھ ہی ملک بھر میں پانچ خصوصی ٹرین بھی چلائیں جائیں گی۔

ریلوے حکام کے مطابق عید کی پہلی خصوصی ٹرین 23 جون کو کراچی سے پشاور روانہ ہوگی، خصوصی ٹرین ملتان، فیصل آباد، سرگوھا، ملکوال، لالہ موسی، اور راولپنڈی سے ہوتی ہوئی پشاور پہنچے گی۔

عید کی دوسری خصوصی ٹرین کوئٹہ سے براستہ روہڑی خانیوال، لاہور، راولپنڈی جائے گی، تیسری خصوصی ٹرین کراچی سے براستہ ملتان اور فیصل آباد لاہور جائے گی۔

عید کی بقیہ دو خصوصی ٹرین راولپنڈی سے ملتان اور ملتان سے راولپنڈی کے لیے چلائی جائیں گی، یہ ٹرینیں کندیاں، میانوالی، داود خیل کے راستے چلیں گی، پاکستان ریلویز کا خصوصی عید آپریشن جمعہ 23 جون سے بدھ 28 جون چھ روز تک جاری رہے گا۔

اسی اثنا ان پانچ ٹرینوں کے ساتھ ساتھ وزیر ریلویز کی ہدایت پر عید کے موقع پر زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے معمول کی ٹرینوں میں ایڈیشنل کوچز بھی لگائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے رمضان شروع ہونے سے قبل  کہا تھا کہ یکم رمضان سے 20 رمضان تک پاکستان ریلویز کی تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پر کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری