افغانی کمانڈو نے 3 امریکی فوجی ہلاک کر دیئے


افغانی کمانڈو نے 3 امریکی فوجی ہلاک کر دیئے

افغان عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں کم ازکم 3 امریکی فوجی اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک افغان کمانڈو نے ان پر فائرنگ کر دی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایک افغان کمانڈو نے فائرنگ کر کے 3 امریکی فوجی ہلاک کر دیئے ہیں۔

فائرنگ کا یہ و اقعہ ضلع اچن میں پیش آیا جہاں امریکی اسپیشل فورسز افغان فوجیوں کے ساتھ مل کر داعش اور افغان طالبان کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ اس واقعہ میں حملہ آور کمانڈو بھی ہلاک ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ فائرنگ کیوں کی گئی۔ اس بارے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

کابل میں امریکی فوجی کمانڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں یہ خبر مل گئی ہے لیکن ابھی ہم اس کی تفصیلات کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حملہ آور کمانڈو عسکریت گروپ کا رکن تھا اور اس نے 4 امریکیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کیا۔

واضح رہے کہ اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

اس سے قبل بھی کئی واقعات میں افغان فورسز کے اہلکاروں نے اپنی ہی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی ہے۔

بعض سیاسی اور دفاعی تجزیہ کاروں کا یہاں تک کہنا ہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز میں کم و بیش 30 سے 50 فیصد تک اہلکاروں کی ہمدردیاں اب بھی افغان طالبان اور داعش کے ساتھ ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری