بارش آسٹریلیا کو بہا لے گئی / بنگلہ دیش کی سیمی فائنل میں رسائی


بارش آسٹریلیا کو بہا لے گئی / بنگلہ دیش کی سیمی فائنل میں رسائی

اپنے تمام میچوں میں بارش سے متاثرہ آسٹریلیا ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ میں فقط ایک میچ جیتنے والی بنگلہ دیش ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دسویں اور گروپ اے کے آخری میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کوڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 40رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، جس کے بعد اس گروپ سے بنگلا دیش سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔

برمنگھم کے ایجیسٹن کرکٹ گرائونڈ پر انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں پر 277رنزبنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 278رنز کا ہدف دیا۔

انگلش ٹیم نے اپنی اتبدائی 3وکٹیں صرف 35کے اسکور پر گنوادیں، جس کے بعد بین اسٹوکس اور اوئن مورگن نے ذمہ دارانہ انداز اپناتے ہوئے159رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کا رخ ہی بدل دیا۔

انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 194 کے مجموعے پر گری،آؤٹ ہونے والے اوئن مورگن 81گیندوں پر 5چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے 87رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود بین اسٹوکس نےنئے آنے والے بیٹسمین جوس بٹلر کے ساتھ کھیل کو تیزی سے آگے بڑھایااور 41اعشاریہ 2اوورز میں اسکور240رنز تک پہنچا دیا تھا کہ بارش ہوگئی۔

میچ بارش کے باعث دوبارہ روک دیا گیا، مسلسل بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلش ٹیم کو 40رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے 9وکٹ کے نقصان پر 278رنز کا ہدف سیٹ کیا، ٹریوس ہیڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 71 رنزناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی طرف سے عادل رشید اور ووڈ نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک آسٹریلوی کھلاڑی کو اسٹوکس نے پویلین بھیجا۔

گروپ اے کے آخری میچ میں آسٹریلیا کی فتح سے اس کی سیمی فائنل تک رسائی آسان ہوجاتی لیکن آسٹریلیا اس ایونٹ کی بدقسمت ترین ٹیم قرار پائی ہے کیونکہ اس کے تینوں میچوں میں بارش ہوئی ہے جس کے باعث اس کے 2 میچ بے نتیجہ رہے جبکہ آخری میچ میں بھی بارش ہی کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف برطانیہ کو فاتح قرار دیا گیا۔

دوسری جانب اس شکست نے بنگلادیش کو ایونٹ کے ٹاپ 4ٹیموں میں شامل کرادیا ہے جس نے ایونٹ میں گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف واحد فتح سمیٹی تھی۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری