آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2017

بھارت کی تباہ کن باولنگ نے جنوبی افریقہ کو ایونٹ سے باہر کر دیا

خبر کا کوڈ: 1434249 خدمت: دنیا
بھارت جنوبی افریقہ کرکٹ

بھارت نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو باآسانی شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 192 رنز کا ہدف دیا جو بھارت نے 38ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔

بھارت کی نپی تلی باولنگ اور شاندار فیلڈنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم محض 191 پر پویلین لوٹ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور شیکھر دھون نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی صرف 23 رنز کی شراکت داری قائم کرسکے جس کے بعد روہت شرما 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ شیکھر دھون نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 151 کے مجموعی اسکور پر عمران طاہر کا نشانہ بنے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور یوراج سنگھ نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 38 ویں اوورز میں ہدف حاصل کرلیا، ویرات کوہلی نے 76 اور یوراج سنگھ نے 23 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنی مورکل اور عمران طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44 ویں اوور میں 191 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاشم آملہ تھے جو 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 116 کے مجموعی اسکور پر کوئنٹن ڈی کوک بھی پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈویلیئرز 16 اور ڈیوڈ ملر ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ فاف ڈوپلیسی بھی 36 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ جے پی ڈومینی 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم کوئی بھی دوسرا کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

بھارت کی جانب سے بھویشنور کمار اور جسپریت بمراہ نے 2، 2 جب کہ ایشون، پانڈیا اور جڈیجہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے 3 بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو ایونٹ سے باہر کرنے کے بعد اب بھارت کا سیمی فائنل میں مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری