اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کا بھی حکومت سے عالمی یوم القدس کو سرکاری سطح پرمنانے کا مطالبہ


اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کا بھی حکومت سے عالمی یوم القدس کو سرکاری سطح پرمنانے کا مطالبہ

فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے بعد اصغریہ اسٹوڈنٹس اور اصغریہ آرگنائزیشن نے بھی حکومت سے عالمی یوم القدس کو سرکاری سطح پرمنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اصغریہ اسٹوڈنٹس اور اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی دفتر المہدی سینٹر میں دونوں تنظیموں کے مرکزی صدور کی مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاں بیت المقدس پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور فلسطینی مسلمانوں پر صیہونی مظالم کے خلاف  27 رمضان المبارک کو پاکستان بھر اصغریہ پاکستان کی جانب سے آزادی یوم القدس  منایا جائے گا جس میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گےجس میں اصغریہ پاکستان کے مرکزی شخصیات سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔

فضل حسین اصغری نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر نہیں منایا جاتا۔ امریکہ اور اسرائیل عالمی دہشت گرد ہیں۔ امت مسلمہ کی کمزوری نے اسلام دشمن قوتوں کو تقویت دے رکھی ہے۔ حزب اللہ نے محدود وسائل کے باوجود اسرائیل کو ہر میدان میں شکست سے دوچار کیا ہے۔ سعودی عرب سمیت دیگر عرب ریاستوں کو امت مسلمہ کی بجائے اپنے مفادات مقدم ہیں۔ جس کے لیے وہ ہر طرح کا دباو استعمال کر لیتے ہیں۔ عرب الائنس مسلمانوں کے خلاف بنایا گیا۔ عالم اسلام کو اپنا قبلہ درست کرنا ہو گا۔ کشمیر میں حق خود ارادیت کی بات کرنے والوں کو فلسطین میں بھی اسی حق کی بات پر آواز بلند کرنا ہو گی۔ فلسطین کے مسلمانوں پر اپنی زمین تنگ کر دی گئی۔ دنیا کے کسی ملک میں ایسانہیں کہ مقامی آبادی کو مہاجر قرار دے دیا جائے اور باہر سے آکر بسنے والے قابض ہو کر مالک بن بیٹھیں۔ دنیا بھر کے مسلمانوں کو القدس کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنی ہو گی۔ ہمیں حزب اللہ کو سپورٹ کرنا چاہیے جو اسرائیلی بربریت کا انہتائی جرات سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حبدار علی حیدری نے کہا بیت المقدس ہاتھ سے نکلنے پر یہ ثابت ہوا ہے کہ امت مسلمہ کی قوت صفر ہو چکی ہے۔ اسرائیل و امریکہ کی فرعونت کو لبنان کی مٹھی بھر طاقت نے خاک میں ملا کر رکھ دیا۔ عالم اسلام کو بدنام کرنے کے لیے داعش، النصرہ اور طالبان طرز کی دہشت گرد جماعتوں کی تشکیل کی گئی تا کہ دین اسلام کے روشن چہرے کو بدنما کر پیش کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبلہ اوّل کی آزادی مسلمانوں کی ناموس اور اسلام کی سربلندی کا مسئلہ ہے، جس کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا کہ فلسطین انبیاء علیہم السلام کی سرزمین ہے، اس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ کوئی آزادی پسند قوم تسلیم نہیں کر سکتی، آج اسرائیلی درندے فلسطینی ماﺅں بہنوں اور بیٹیوں کی بے حرمتی اور نوجوانوں و بچوں پر ظلم کرکے سیاہ تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

 آخر میں  انہوں نے کہا کہ اصغریہ اسٹوڈنٹس اور اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے سندھ بھر میں  ماہ رمضان المبارک میں القدس کانفرنسز کا انعقاد جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی حمایت اور موجودہ حالات میں فلسطین کاز کے خلاف جاری صیہونی سازشوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی  جائے گی  تاکہ امت مسلمہ صیہونی و عربی سازش کا شکار ہو کر القدس کو فراموش نہ کر دے۔

انہوں نے سندھ  بھر میں تمام یونٹس، ڈویژن  اور دیگر شیعہ سنی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں اور اس عنوان سے بھرپور اجتماعات منعقد کئے جائیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جمعۃ الوداع یوم القدس کو ملک بھر میں سرکاری سطح پر منا کر مظلوم فلسطینیوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت کا عملی ثبوت پیش کیا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری