مقبوضہ کشمیر میں بےگناہوں کے خون کی ہولی جاری / 2 دن میں 5 شہادتیں

خبر کا کوڈ: 1438856 خدمت: اسلامی بیداری
کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران ضلع کولگام میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا گیا جس سے گزشتہ روز سے علاقے میں شہید ہونیوالوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

بھارتی فوجیوں کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

تازہ واقعات میں ضلع کولگام میں ایک اور نوجوان کو بےرحمی سے شہید کر دیا گیا ہے جس سے گزشتہ روز سے علاقے میں شہید ہونیوالوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فوجیوں کی طرف سے علاقے میں ایک پر تشدد آپریشن کے دوران تباہ کیے گئے مکان کے ملبے سے ایک اور نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ دو لاشیں گزشتہ روز ملی تھیں۔

شہید ہونیوالے ان نوجوانوں کی شناخت جنید متو، ناصر وانی اور عادل مشتاق میر کے طور پر ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ قابض فوجیوں نے علاقے میں فوجی آپریشن کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھی گزشتہ روز اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 22 سالہ محمد اشرف اور14 سالہ احسن ڈار شہید ہو گئے تھے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں پولیس ٹرک پر نامعلوم افراد کے حملے میں 6 بھارتی پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس ٹرک پر حملہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اس وقت کیا گیا جب پولیس اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔

حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے ٹرک میں سوار ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری