کراچی سینٹرل جیل میں رینجرز، پولیس اور ایف سی کا مشترکہ آپریشن


کراچی سینٹرل جیل میں رینجرز، پولیس اور ایف سی کا مشترکہ آپریشن

کراچی سینٹرل جیل انتظامیہ کی غفلت، رینجرز، پولیس اور ایف سی نے سرچ آپریشن کیا، قیدیوں سے بڑی تعداد میں ممنوعہ سامان سمیت موبائل فون اور لاکھوں روپے  برآمد ہوئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق رینجرز، پولیس اور ایف سی نے مشترکہ طور پر کراچی سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا،مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران اہلکاروں نے تمام قیدیوں کے بیرکس کی جانچ کی جبکہ کالعدم تنظیموں کے ارکان کی خصوصی جانچ پڑتال کی گئی۔

جیل پولیس نے بتایا کہ اس دوران قیدیوں سے لاکھوں روپے برآمد ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں ممنوعہ سامان بھی برآمد ہوا،سینٹرل جیل آپریشن کے دوران برآمد ہونے والے سامان میں سیکڑوں کی تعداد میں موبائل فونز بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ قیدیوں سے سیکڑوں کی تعداد میں ٹی وی، ایل سی ڈیز، ٹیپ ریکارڈر، ائر کولرز اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔

خیال رہے کہ یہ سرچ آپریشن دو روز قبل کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے دو 'خطرناک دہشت گرد' فرار ہونے کی اطلاعات کے بعد کیا گیا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی یقین دہانی پر بتایا تھا کہ پولیس کو ڈی آئی جی جیل اشرف علی نظامی کی جانب سے ایک خط موصول ہوا تھا کہ جیل سے دو زیرتفتیش قیدی فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ انھیں واقعے کے پیش آنے کے بعد 'کافی تاخیر' سے آگاہ کیا گیا۔

ڈی آئی جی جیل کی جانب سے فرار ہونے والے زیر تفتیش قیدیوں اور غفلت برتنے پر جیل کے کئی عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کو کہا گیا۔

ڈی آئی جی جیل کے مطابق 'سینٹرل جیل کراچی کےجوڈیشل کمپلیکس' سے فرار ہونے والے قیدیوں کے نام شیخ محمد ممتاز عرف فرعون عرف شیرخان عرف شہزاد عرف راہی اور محمد احمد خان عرف منا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری