وفاقی حکومت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کے بجائے روک تھام کیلئے اقدامات کرے، ثروت اعجاز قادری


وفاقی حکومت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کے بجائے روک تھام کیلئے اقدامات کرے، ثروت اعجاز قادری

سنی تحریک کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کالعدم اہلسنت و الجماعت و کالعدم سپاہ صحابہ آج بھی نام بدل کر کام کر رہی ہیں، کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو نہیں روکا گیا تو شدت پسندی ملک کو تباہ کر دے گی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سنی تحریک پاکستان کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو نہیں روکا گیا تو شدت پسندی جنم لے گی، وفاقی حکومت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کے بجائے روک تھام کیلئے قانونی اقدامات کرے، سندھ میں کالعدم تنظیمیں سر اٹھا رہی ہیں، صوبائی حکومت نوٹس لے۔

بی بی سی کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی نے سندھ کے محکمہ داخلہ کو تحریری طور پر اس تشویش سے آگاہ کیا ہے، کالعدم اہلسنت و الجماعت و کالعدم سپاہ صحابہ آج بھی نام بدل کر کام کر رہی ہیں، سندھ میں سرکاری اسکول اور قبرستانوں کی جگہ پر قبضہ کرکے مدارس بنائے گئے ہیں، جس کی نشاندہی نیکٹا اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی نے کی ہے، مگر افسوس ہے کہ قانون کو حرکت میں نہیں لایا گیا، قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنایا گیا تو انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کو آکسیجن لینے کا موقع ملے گا، جو کسی طور بھی ملک کے امن کیلئے بہتر نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی بی سی کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں اور اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے آرمی پبلک اسکول حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا تھا، جس پر عمل درآمد سے دہشتگردی کے خاتمے میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں، جس کا اعتراف دنیا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت امن و امان کے بہتر اور دیرپا قیام کیلئے قومی ایکشن پلان کو اس کی روح کے مطابق عملی جامہ پہنائیں، دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرکے ہی ملک کو آگے کی طرف لیجایا جا سکتا ہے، کالعدم تنظیموں کی نقل و حمل کو روکنے کیلئے قومی ایکشن پلان کی شق 7 پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کی جاری سرگرمیوں پر عوام میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ عوام نے آپریشن ضرب عضب اور اب دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد کی بھرپور حمایت کی ہے، عوام ملک میں مکمل امن اور دہشتگردی، جرائم و انتہاپسندی کا خاتمہ چاہتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری