شاہینوں کی وطن واپسی کا آغاز / عوام کا شاندار استقبال

خبر کا کوڈ: 1441579 خدمت: پاکستان
پاکستان کرکٹ

سرفراز احمد اور رومان رئیس چیمپئینز ٹرافی جیتنے کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد اور رومان رئیس کراچی کے ایئرپورٹ لاﺅنج سے باہر آئے تو گورنر سندھ زبیر احمد، میئر کراچی وسیم اختر، صوبائی وزیر کھیل اور دیگر وزرا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔

اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور اجرک پیش کی گئی۔

قومی ہیرو کو دیکھ کر ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔

لوگوں نے اپنے قومی ہیروز کے ساتھ تصاویر بنوائیں او رسیلفیاں لیں۔

خیال رہے کہ سرفرازاحمد کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی ان کے ساتھ کراچی پہنچے ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے آئے گورنر سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فخرکی بات ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پوری قوم کے لئے رمضان کاتحفہ ہے اور کراچی کا کھلاڑی قومی ٹیم کی قیادت کر رہا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ پہلے میچ میں لڑکے بہت دباﺅمیں آگئے تھے۔
ٹیم انتظامیہ مینجمنٹ نے بہت محنت کی اور ٹیم نے کم بیک کیا۔

سینئرز نے زبردست پرفارم کیا،آنے والے وقت میں مزید اچھی پرفارمنس دیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی میں فتح ٹیم سپرٹ کا نتیجہ ہے اور اس فتح کو بڑے عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اہل وطن کو مبارک ہو، دعائیں رنگ لے آئیں۔

پاکستان قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمدنے کراچی میں اپنی رہائش گاہ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہرشعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ٹیم کی فتح ہوئی۔ لڑکے جس طرح کھیلے ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا اشارہ ہے۔قومی ہیروز کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔

سرفراز احمد نے گھر کی بالکونی سے مداحوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور انہیں ٹرافی دکھائی۔

مداحوں کی جانب سے ”موقع موقع“ گانے پر سرفراز احمد نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

    تازہ ترین خبریں