بھارت میں بارشوں نے موت کا روپ دھار لیا؛ 9 ہلاک، متعدد زخمی


بھارت میں بارشوں نے موت کا روپ دھار لیا؛ 9 ہلاک، متعدد زخمی

بھارتی ریاست تریپورہ اور جنوبی بنگال میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری تیز بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی جس میں خاتون سمیت 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق علاوہ ازیں ندی نالوں میں آنے والی خوفناک  طغیانی اور سیلاب سے 12 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

ان دونوں ریاستوں کے شہری  اور دیہی علاقوں میں ہونے والی  شدید بارشوں نے نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسے حالات پیدا کر دیئے ہیں جس سے تریپورہ  میں  قومی شاہراہ اور دیگر راستوں پر ٹریفک جام ہو گئی ہے اور سڑکوں ندی نالیوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ریاستوں جنوبی بنگال اور  تریپورہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں سے جاری طوفانی بارشوں نے دونوں ریاستوں نے تباہی مچا دی ہے جبکہ تریپورہ کے دارلخلافہ  اگرتلا کے 2500 لوگوں سمیت مختلف حصوں میں 12 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور ریاست کی زیادہ تر ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔

شہری علاقوں میں ہوئی شدید بارش نے نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسے حالات پیدا کر دیئے ہیں جبکہ جنوبی بنگال کے سرکاری حکام کے مطابق  کل شام سے بارش سے ہونے والے مختلف حادثوں میں ایک خاتون سمیت 9 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب تریپورہ ضلع انتظامیہ نے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور سول ڈیفنس کی ٹیموں کو امدادی  کاموں میں لگا دیا ہے۔

ریاست میں کھووائی، کمال پور، کمار گھاٹ، کیلاشاہر، دھرم نگر اور بشال گڑھ کی ندیاں خطرے کے نشان سے کافی اوپر بہہ رہی ہیں جس کی وجہ دریاؤں کے نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کل شام ہی وہاں سے ہٹا دیا گیا تھا لیکن پہاڑی علاقوں میں زوردار بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں آنے سے صورت حال اور بھیانک ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی ہے اور اگلے 48 گھنٹوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشوں  کا امکان ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی بنگال میں گذشتہ کچھ عرصہ سے قیامت خیز گرمی پڑ رہی تھی، بارش ہوئی تو لوگوں نے سکھ کا سانس لیا لیکن جنوبی بنگال کے لوگوں کو بارش بھی راس نہیں آئی اور گذشتہ روز سے جاری ہونے والی طوفانی بارشوں نے لوگوں پر ایک اور قیامت ڈھا دی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری