قطر میں عید الفطر کی چھٹیاں منسوخ


قطر میں عید الفطر کی چھٹیاں منسوخ

قطر میں عیدالفطر کے موقع پر مقامی اور غیر ملکی ملازمین کی تعطیلات منسوخ کر دی گئی ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی طرف سے بائیکاٹ کے بعد قطر میں بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس سے بچنے کیلئے قطری حکومت نےعیدالفطر کے موقع پر مقامی اور غیر ملکی ملازمین کی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔

اس فیصلے کے تحت کئی بڑے اداروں اور کمپنیوں میں کام کرنے والے مقامی اور غیر ملکی ملازمین کی عید پر چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

 تاہم یہ بھی خبریں ہیں کہ بعض کمپنیوں نے بہت محدود تعداد میں اپنے ملازمین کو چھٹیاں دی ہیں۔

یہ خبر حال ہی میں جب کمپنیوں کی طرف سے ملازمین کو سنائی گئی تو ان میں شدید مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔

دوسری جانب غیر ملکی ملازمین کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں نے بھی تعطیلات کی منسوخی کی وجہ ظاہر نہیں کی تاہم چھٹیوں کی منسوخی کا سلسلہ اس وقت سے جاری ہے جب قطر اورخلیجی ممالک کے درمیان بحران پیدا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ عرب ریاستوں کے بائیکاٹ کے بعد قطر میں بحران کی حالت پیدا ہونے کے پیش نظر ترکی اور ایران آگے بڑھے ہیں۔

دو روز قبل  ترکی نے چار ہزار ٹن خوراک سے لدا اپنا پہلا مال بردار بحری جہاز قطر کے لیے روانہ کیا ہے ۔

جس پر سبزیاں، پھل اور خشک خوراک موجود تھی۔

اس سے قبل ترکی زمینی اور ہوائی راستوں سے بھی خلیجی ریاست قطر کو ضروری اشیاء اور خوراک روانہ کر چکا ہے۔

دوسری جانب ایران روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار ٹن سے زائد پھل اور سبزیاں قطر بھیج رہا ہے۔

رواں ماہ کی گیارہ تاریخ کو ایران نے سبزیوں سے لدے پانچ مال بردار ہوائی جہاز بھی قطر بھیجے تھے۔

علاوہ ازیں ترکی اور ایران عرب ریاست قطر پر لگائی جانے والی مختلف پابندیوں کی مذمت کر چکے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری