دہشت گردانہ حملے اداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی اور کردار پر سوالیہ نشان ہیں، فضل حسین اصغری


دہشت گردانہ حملے اداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی اور کردار پر سوالیہ نشان ہیں، فضل حسین اصغری

مرکزی صدر اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان پاراچنار میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی کے نام پر پورے پاراچنار کو ایک جانب تو انتظامیہ نے ریڈ زون میں تبدیل کیا ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق المہدی سینٹر جامشورو سے جاری ایک تعزیتی بیان میں مرکزی صدر اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان فضل حسین اصغری نے پاراچنار کی طور ی مارکیٹ میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی کے نام پر پورے پاراچنار کو ایک جانب تو انتظامیہ نے ریڈ زون میں تبدیل کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری امن کی خاطر پیدل آنے جانے پر مجبور ہیں، دوسری جانب انہی شہریوں کو دن دہاڑے بم بارود سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یہ امر انتہائی تشویش ناک کہ ایک ایسا علاقہ جو مکمل طور پر سیکورٹی اداروں کی کڑی نگرانی میں ہے اور ان اداروں کی نظروں میں آئے بغیر پرندہ بھی پر نہیں مارتا، ایسے علاقے میں تسلسل کے ساتھ دہشت گردانہ حملے اداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی اور کردار پر سوالیہ نشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کی جانب سے دہشت گردی کے ان دونوں واقعات میں قیمتی انسانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان دھماکوں میں اب تک پچاس سے زائد بے گناہ شہری شہید اور 85سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔

فضل حسین اصغری نے مزید کہا ہے کہ پاراچنار کے شہریوں کو محض اس بات کی سزا دی جارہی ہے کہ وہ امن پسند تشیع شہری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ اور اداروں نے پاراچنار کے شہریوں کا درد محسوس کرکے صورت حال میں بہتری کیلئے مثبت اقدام نہیں لیئے تو حالات پر قابو رکھنا خود حکومت اور انتظامیہ کیلئے مشکل ہوجائیگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری