علامہ ناصر عباس جعفری کی آرمی چیف سے ملاقات، سانحہ پاراچنار پر تبادلہ خیال


علامہ ناصر عباس جعفری کی آرمی چیف سے ملاقات، سانحہ پاراچنار پر تبادلہ خیال

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے آرمی چیف کو پاراچنار کے عوام پر ہونیوالے مظالم سے آگاہ کیا اور ان کے مطالبات سامنے رکھے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ آج اس قوم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس نے کبھی بھی پاکستان کے پرچم کو گرنے نہیں دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے ملاقات کی ہے، جس میں سانحہ پاراچنار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

اس موقع پر علامہ افتخار حسین نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ذرائع کے مطابق علامہ ناصر عباس جعفری نے آرمی چیف کو پاراچنار کے عوام پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا اور ان کے جائز مطالبات سامنے رکھے۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ آج اس قوم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس نے کبھی بھی پاکستان کے پرچم کو گرنے نہیں دیا، اس ایجنسی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس نے کبھی بھی ریاست کے ساتھ غداری نہیں کی، نہ ہی کبھی ریاستی اداروں پر حملہ کیا، لیکن اب ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، پاراچنار کے عوام کے جائز مطالبات پر ریاست کو عمل کرنا چاہیئے اور انہیں یہ یقین دلایا جانا چاہیئے کہ ریاست انہیں اپنا شہری تسلیم کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ذرائع کے مطابق علامہ ناصر عباس جعفری نے ایف سی کی جانب سے بےگناہ لوگوں پر کی جانیوالی فائرنگ اور شہادتوں سے بھی آگاہ کیا جس پر آرمی چیف نے علماء کرام کے پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے حوالے سے کردار کی تعریف کی اور پاراچناریوں کے مطالبات کو جائز قرار دیا۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف خود بھی پاراچنار جائیں گے، جہاں وہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کریں گے اور ان سے ملکر ان کے مطالبات سنیں گے۔

ملاقات کے بعد علامہ ناصر عباس جعفری بھی پاراچنار کیلئے روانہ ہوگئے اور وہاں دھرنے میں موجود عوام سے خطاب کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری