امریکہ کی طرف سے سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے پر پاکستان کا احتجاج


امریکہ کی طرف سے سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے پر پاکستان کا احتجاج

امریکہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے پر دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے احتجاج اور اظہار تشویش کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے پر دفتر خارجہ پاکستان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور کشمیریوں کو ماورائےعدالت قتل کیا جارہا ہے، کشمیروں کے گھر تباہ کرنا اور انہیں حبس بے جا میں رکھنا معمول ہے۔

دوسری جانب کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح  وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ کا بھارت کی زبان بولنا تشویشناک ہے جب کہ بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا مقدر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کے ان کے اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی وائٹ ہاوٴس یاترا کے بعد امریکی حکومت کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ امریکا کے نزدیک معصوم کشمیریوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں حالانکہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہے۔

علاوہ ازیں مقبوضہ وادی میں برہان وانی چوک پر سینکڑوں افراد نے امریکہ کی جانب سے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنے مفادات کے لئے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو دہشتگردی سے جوڑ رہا ہے۔

یاد رہے کہ امریکا نے بھارت کے ایما پر  مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری