مون سون بارشوں نے 28 افراد کی جان لے لی، متعدد زخمی


مون سون بارشوں نے 28 افراد کی جان لے لی، متعدد زخمی

پاکستان میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں اب تک 28 افراد جان بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی میں دو روز قبل شروع ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 2 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق  جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس کے علاوہ منگھوپیر مکرانی پاڑہ میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں بھی متعدد افراد ہلاک ہوئے

وزیراعلی بلوچستان نے انتظامیہ اور صوبائی مینجمنٹ ڈیزاسٹر اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔

موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے درجنوں کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرگئی جس سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

ضلع شیرانی اور ہرنائی میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ زردالو تنگی میں پکنک پوائنٹ پر سیلابی ریلے میں بہہ کر 1 شخص ہلاک ہوگیا اس کے علاوہ خضدار میں بھی تیز بارشوں سے سڑکیں بہہ گئیں۔

دوسری جانب ضلع لسبیلہ اور اس کے اطراف میں بارشوں کے بعد کئی ندی نالوں میں طغیانی سے دارو ہوٹل نالے کے قریب بنائے جانے والے 20 گھر سیلابی ریلے میں بہہ گئے جس کے باعث 8 افراد جاں بحق جبکہ 1 شخص لاپتہ ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 9 افراد میں سے 8 افراد کی لاشیں نکال لیں جبکہ 1 شخص کی تلاش جاری ہے۔

ادھر اندرون سندھ میں بھی بارشوں نے شدید تباہی مچادی اور بارش کے دوران مختلف واقعات اور بجلی گرنے کی وجہ سے ٹھٹہ، میر پور خاص، اور تھرپارکر کے علاقے نگر پارکر میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔

حیدر آباد میں بھی ایک موٹر سائیکل سوار بارش کے دوران اپنی موٹر سائیکل کے پھسلنے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا۔

خیبر پختونخوا میں چترال کے مقام پر بارش کے دوران 1 لڑکا ہلاک جبکہ باجوڑ میں سیلاب میں بہہ کر 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

تاہم پنجاب میں اب تک مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری