پاکستان نے 546 بھارتی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی کےحوالےکر دی

خبر کا کوڈ: 1450601 خدمت: پاکستان
بھارتی قیدی

دفتر خارجہ نے پاکستان میں موجود 546 بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 546 بھارتی قیدیوں کی فہرست میں 52 بھارتی شہری جبکہ 494 بھارتی مچھیرے شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق 21 مئی 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک سال میں دو مرتبہ فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

مذکورہ معاہدے کے تحت یکم جنوری اور یکم جولائی کو فہرستوں کا تبادلہ کیا جانا ضروری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی حکومت بھی پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے رواں 6 جنوری کو 219 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا جبکہ رواں ماہ کے دوران مزید 78 ماہی گیروں کو بھارت بھیجے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان اور بھارت کے ماہی گیر اکثر کھلے سمندر میں شکار کے دوران ایک دوسرے کی سمندری حدود میں داخل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں حراست میں لے لیا جاتا ہے۔

ان ماہی گیروں کی کشتیاں جدید آلات سے عاری ہوتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں حدود کا اندازہ نہیں ہوتا اور وہ سمندری حد پار کرجاتے ہیں۔

گرفتار ہونے والے اکثر ماہی گیروں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان خراب سفارتی تعلقات اور بیوروکریسی کی رکاوٹ کے باعث، اپنی سزا کاٹنے کے بعد بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنا پڑتا ہے۔

تاہم دونوں ممالک جذبہ خیر سگالی کے تحت بھی قید کئی ماہی گیروں کو رہا کردیتے ہیں۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری