ڈونلڈ ٹرمپ داعش کی زبان بول رہا ہے

خبر کا کوڈ: 1453078 خدمت: دنیا
صادق خان ترامپ

لندن کے میئر صادق خان نے امریکی صدر کو آڑے ہاتھوں لیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ داعش کی زبان میں بات کرتے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صادق خان نے ’بی بی سی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر داعش یہ کہتی ہے کہ اسلام اور مغرب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے اور مغرب مسلمانوں سے نفرت کرتا ہے تو یہ بکواس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جب یہ کہتے ہیں کہ اسلام اور مغرب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے اور مسلمان امریکا میں نہیں آسکتے تو وہ وہی بات کر رہے ہیں جو داعش کر رہی ہے اور اس طرح وہ داعش کے لیے کام آسان کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لندن میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن یہودیوں کے خلاف اور دیگر جرائم میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، تاہم لندن اب بھی دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

لندن کے میئر نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور نفرت پر مبنی جرائم میں اضافے کے بعد ان کا کام مشکل ہوگیا ہے کیونکہ ان کے پاس وسائل کی کمی ہے، تاہم وہ حکومت سے مزید وسائل مانگ رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صادق خان کا کہنا تھا کہ لندن برج حملہ ہو یا فنسبری پارک مسجد پر حملہ دونوں دہشت گردی کے واقعات تھے، تو ایسے سنگین جرائم کی کوئی وجہ تلاش نہیں کرنی چاہیے۔ لیکن سب سے اہم چیز یہ ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو صحیح اسلام سکھائیں اور یہ بھی کہ آپ کے مذہب کی بنیاد پر کوئی آپ سے نفرت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی نوجوانوں سے یہ کہے کہ مغرب آپ سے نفرت کرتا ہے، غیر مسلم آپ سے نفرت کرتے ہیں اور آپ زندگی اور آخرت میں کامیاب ہوں گے اگر آپ دہشت گردی کی جانب آئیں تو یہ سب بکواس ہے اسلام نہیں ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ نہ صرف اپنے نوجوانوں کو صحیح راستے پر لگائیں بلکہ ماضی سے سبق بھی سیکھیں۔

    تازہ ترین خبریں