پاکستان کا بیرونی خطرے سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر / بیلسٹک میزائل "نصر" کا کامیاب تجربہ کرلیا


پاکستان کا بیرونی خطرے سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر / بیلسٹک میزائل "نصر" کا کامیاب تجربہ کرلیا

پاکستان آرمی نے اس ہفتے بیلسٹک اور کروز میزائل تجربات کی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے پہلی فرصت میں زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل "نصر" کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان آرمی نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل "نصر" کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیلسٹک میزائل نصر کی شارٹ رینج صلاحیت 60 سے بڑھا کر 70 کلو میٹر کردی گئی ہے، جبکہ بیرونی خطرے کے تناظر میں "نصر" میزائل سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ہفتے "نصر" میزائل سمیت مختلف میزائلوں کے تجربے کی تیاری کرلی گئی ہے۔

پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر سائنسدانوں اور ٹیکنیکل اسٹاف کو مبارکباد دی اور مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول سیکیورٹی اور سیفٹی نظام پر اظہار اطمینان کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی اسٹریٹجک اثاثے محفوظ ہیں، دفاعی اثاثوں کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور شارٹ رینج نصر میزائل کم سے کم دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنسدان ہمارے اصل ہیرو ہیں، میزائل تجربے سے کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن پر پانی پھیر دیا، ملکی دفاع کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ’جنگ کو ہر حالت میں نظر انداز کرنا ہوگا، ہمارے ایٹمی اثاثے امن کی ضمانت ہیں اور ایٹمی اثاثے ہمارے ہمسائے کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرے سے حفاظت کے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلے دل سے مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام کی حکومتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ ہماری صلاحیت کا مقصد جنگ نہیں بلکہ دفاع کو یقینی بنانا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری