صدر آزاد جموں وکشمیر:

پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل /تاحال کسی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر سمجھوتہ نہیں کیا

خبر کا کوڈ: 1457125 خدمت: پاکستان
صدر آزاد جموں وکشمیر

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نوجوان افسروں پر زور دیا ہے کہ بطور سفارتکار ملکی مفادات کے تحفظ اور قومی وقار کے لیے کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کی ڈپلومیٹک کور نے مشکل حالات میں بہترین سفارتکاری کے جوہر دکھائے، مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتکاری کا بنیادی ستون ہے، پاکستان کی کسی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا کیونکہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل اورکشمیر کی پاکستان کے بغیر کوئی شناخت نہیں، اگر بھارت کشمیر پر قبضہ کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہو جائے تو وہ کشمیر سے آنے والے دریاؤں کا پانی روک کر پاکستان کو بنجر بنانے اور ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کو ناکارہ کرنے کی سازش کر سکتا ہے، آزاد کشمیر پاکستان کے دفاع کیلیے ایک مضبوط حصار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان ہائی کمیشن لندن میں سفارتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں کہاکہ سی پیک کے گلگت بلتستان سے گزرنے کے باعث پاکستان کی معاشی شہ رگ بھی مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑ چکی ہے، اس لیے سفارتکار مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے اپنی کوششیں تیز تر کر دیں۔

 صدرآزاد کشمیر نےمزید کہا کہ عالمی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، امریکا بظاہر عالمی قیادت سے دستبردار ہوتا نظر آ رہا ہے، برطانیہ یورپی یونین سے نکلنے کے بعد یورپ میں اثر و سوخ کھو دے گا، مڈل ایسٹ میں اکثر عرب ممالک خانہ جنگی کا شکار ہوکر تباہ و برباد ہو چکے ہیں، ایسے حالات میں سفارتکاری کے طے شدہ اصول بھی بدل جائیں گے، اس لیے حالات کی نزاکت کو پیش نظر رکھ کر پالیساں بنانا ہوں گی۔

    تازہ ترین خبریں