پاکستانی فوج کا غضب، بھارتی چوکیاں تباہ، 4 بھارتی فوجی ہلاک


پاکستانی فوج کا غضب، بھارتی چوکیاں تباہ، 4 بھارتی فوجی ہلاک

پاک فوج کی جانب سے ایل او سی پر بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیا گیا جس کے نتیجے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی مورچے تباہ ہوئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی ایس پی آرکی جانب سےجاری اعلامیے میں کہا گیا کہ برہان وانی کی برسی پر بھارتی فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ سیکٹر میں عام لوگوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں4 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 2 بھارتی چیک پوسٹیں تباہ اور4 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی چوکیوں کو تباہ کرنے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

ضلع پونچھ کے ڈپٹی کمشنر راجا طاہر ممتاز کے مطابق 'عباس پور اور حاجرہ سیکٹرز میں بھارتی فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ صبح 6 بجے سے شروع ہوا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیٹری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے نزدیک موجود گاؤں بھیرا کے 75 سالہ رہائشی محمد شریف شیلنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

بزرگ شخص کے علاوہ ٹیٹری نوٹ میں 70 سالہ سسی بیگم بھی فائرنگ کی زد میں آنے کے بعد جانبر نہ ہوسکیں، بزرگ خاتون بٹال سیکٹر سے اپنے رشتے داروں سے ملاقات کے لیے ٹیٹری نوٹ آئی تھیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اسی علاقے میں 35 سالہ ریاست اور 18 سالہ اقصیٰ افتخار بھی بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی سے زخمی ہوئے۔

دریں اثناء عباس پور سیکٹر میں مارٹر شیل کی زد میں آ کر 26 سالہ فائزہ سلیم جاں بحق جبکہ 22 سالہ ادیبہ اور 17 سالہ ماہ نور زخمی ہوگئیں، تینوں خواتین کا تعلق ایک ہی گھرانے سے تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری