شریف خاندان کیخلاف ثبوت اور تابوت یہیں سے نکلے گا، شیخ رشید


شریف خاندان کیخلاف ثبوت اور تابوت یہیں سے نکلے گا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاناما کیس حکومت نہیں بلکہ شریف خاندان کیخلاف ہے، کیس کا تابوت اور ثبوت یہیں سے نکلے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطری شہزادہ کہتا ہے وہ پاکستانی قانون کے دائرے میں نہیں آتا اور پاکستان کے قانون کا پابند نہیں تو اس کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے جانے کی بھی ضرورت نہیں ہے، قطری شہزادہ نواز شریف کا نہیں حسین نواز کا گواہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کیس حکومت نہیں بلکہ شریف خاندان کیخلاف ہے، ثبوت بھی یہیں سے نکلے گا اور تابوت بھی، میڈیا رپورٹس آرہی ہیں کہ مریم نواز بینفشری ثابت ہو چکی ہیں، جس کے بعد ان کی کوشش ہے قانون اور آئینی طور پر نہ نکالا جائے، یہ پاکستان کے آئین اورقانون کی زندگی کا سوال ہے۔

انھوں نے کہا کہ لگتا ہے شریف خاندان آج جے آئی ٹی کے خلاف اپیل دائر کریگا، رپورٹ پر سپریم کورٹ آج یا کل تک فیصلہ دےگی، میرا خیال ہے 10دن میں سپریم کورٹ کا بینچ بیٹھ جائے گا، غالب امکان ہے کیس کو پہلے سننے والے 5ججز دوبارہ سنیں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے لوگوں کو دبئی کے ذریعے خریدنے کی کوشش کی گئی، جے آئی ٹی ممبران کے بچوں کو دھمکیاں دی گئیں، ایس ای سی پی کا کیا کردار تھا سب کے سامنے ہے، جے آئی ٹی کو متنازع کرنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، چوہدری نثار سے شکوہ ہے کہ وہ جے آئی ٹی میں اسحاق ڈار کو چھوڑنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ میری چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ یہ لوگ جس طرح کی زبان استعمال کر رہے ہیں اس کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری