"را" افغانستان سے آپریشن ردالفساد کیخلاف متحرک ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

خبر کا کوڈ: 1465141 خدمت: پاکستان
زبیر محمد

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" افغانستان سے آپریٹ کررہی ہے اور آپریشن ردالفساد کا مقصد را کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا بھی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 107ویں مڈشپ مین، 16ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جس میں 100 افسران پاس آوٹ ہوئے، ان میں 28 کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ وہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، پاکستان نیوی کا ملکی دفاع اور سلامتی میں مرکزی کردار ہے، پاکستان سے وفاداری ہم سب کی پہلی ترجیح ہے اور پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اور طاقت کا مظہر ہیں۔

جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ سی پیک کی ترقی میں گوادر بندرگاہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور پاکستان کی ترقی میں گوادر بندرگاہ انتہائی اہم ہے، علاقائی مسائل کےحل کے لیے پاکستان کو اہمیت حاصل ہے، پاکستان کا امن اور استحکام دنیا کے مفاد میں ہے، پاکستان پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے، آپریشن ردالفساد محض ایک مہم نہیں بلکہ اس کا مقصد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے علاوہ ملک دشمن ایجنسیوں بالخصوص را کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے، بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی افغانستان سے آپریٹ کررہی ہے اور وہ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے۔

    تازہ ترین خبریں