نواز شریف کی الٹی گنتی شروع، وقت بتا رہا ہے کہ زندگی بھر کیلئے نااہل قرار دیئے جائیں گے


نواز شریف کی الٹی گنتی شروع، وقت بتا رہا ہے کہ زندگی بھر کیلئے نااہل قرار دیئے جائیں گے

پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام ہونے سے بچانے کیلئے وہ خود مودبانہ طور پر مستعفی ہو جائیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا کہنا ہے کہ  آثار بتا رہے ہیں کہ نواز شریف عمر بھر کیلئے نااہل قرار دیئے جانے والے ہیں، لہٰذا انہیں چاہئے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام ہونے سے بچانے کیلئے از خود مستعفی ہو جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جان لینا چاہئے کہ اب سیاست میں شہید ہونے کی رسم متروک ہو چکی ہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز برٹش ورجن آئی لینڈ، نیلسن اور نیسکول کی مالکن ہیں، جبکہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف جبل علی فری زون اتھارٹی کی تصدیق کے مطابق سمندر پار کمپنیوں، ایف زیڈ ای کیپٹیل، یو اے ای کے چیئرمین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے شریف برادران کی جانب سے پیش کئے گئے دستاویزات کو جعلی اور برطانوی فورنسک نے دستاویزات کی تبدیلی کی پول بھی کھول کر رکھ دی ہے، جے آئی ٹی کے دوران شریف فیملی اپنے اثاثوں کے قانونی ثبوت پیش کرنے سے بھی قاصر رہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ آج شریف برادران کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام خراب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے شریف برادران نے اگر کچھ سیکھا ہوتا تو آج ملک میں جمہوریت مزید مستحکم ہوتی اور افراتفری نہ ہوتی، نواز شریف کو چاہئے کہ وہ جمہوریت پر رحم کھائیں اور گھر کی راہ لیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف خود ڈکٹیٹر کی پیداوار ہیں، لہٰذا یہ بات فطری ہے کہ وہ جمہوریت کے نام پر آمرانہ روش اختیار کئے رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کے وسائل سے بڑھ کر اثاثے اس بات کی مکمل تائید کرتے ہیں کہ شریف برادران نے ہر دور حکومت میں غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور غریب کے منہ سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری