مون سون بارشیں؛ کئی گھروں کے چراغ بجھ گئے، ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوگئی


مون سون بارشیں؛ کئی گھروں کے چراغ بجھ گئے، ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوگئی

پاکستان میں مون سون کی بارشوں کے دوران 81 افراد لقمہ اجل بنے، 117 افراد زخمی اور 103 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ پورے ہفتے جاری رہے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سےجاری کردہ رپورٹ میں بارش کےباعث ملک بھر میں 81 افراد جان کی بازی ہار گئے، پنجاب میں 30، خیبرپختونخوا(کے پی) میں 12، بلوچستان میں 23 ، سندھ اور وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) میں 6،6 افراد اور اسلام آباد میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے اعداد وشمار کےمطابق پنجاب میں 77، کے پی میں 14، سندھ میں 17، آزاد کشمیر میں ایک، فاٹا میں 8 افراد زخمی ہوئے۔

اسی طرح پنجاب میں 12 مکانات، کے پی میں 29، سندھ میں 5، بلوچستان میں 20، آزاد کشمیر میں 27، فاٹا میں 2، گلگت بلتستان میں 5 اور اسلام آباد میں ایک مکان کو شدید نقصان پہنچا۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان کے مختلف اضلاع میں آئندہ 72 گھنٹوں کےدوران شدید بارش کی پیش گوئی بھی کردی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نےمتعلقہ اداروں کو صورت حال کو قریب سے جانچنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دریاؤں کی سطح کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دوران تمام دریاؤں کا بہاؤ معمول کےمطابق رہےگا تاہم چناب کے نالوں میں چھوٹے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری