سرتاج عزیز: راحیل شریف ابھی تک سعودی اتحاد کے سربراہ نہیں بنے/ رضا ربانی: تو پھر وہ اور دیگر فوجی افسران وہاں کیا کررہے ہیں؟


سرتاج عزیز: راحیل شریف ابھی تک سعودی اتحاد کے سربراہ نہیں بنے/ رضا ربانی: تو پھر وہ اور دیگر فوجی افسران وہاں کیا کررہے ہیں؟

مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ ابھی تک سعودی فوجی اتحاد کی کوئی فوج ترتیب نہیں دی گئی اور ناہی سابق آرمی چیف راحیل شریف اس فوج کے سربراہ بنے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سینیٹ میں سعودی عرب کی سربراہی میں فوجی اتحاد پر مشیرخارجہ نے اپنے پالیسی بیان میں کہا کہ اس اتحاد کا قیام تاحال عمل میں نہیں آیا، وہاں انسداد دہشت گردی کی ٹریننگ ہورہی ہے، سابق آرمی چیف راحیل شریف بھی تاحال اتحادی فوج کے سربراہ نہیں بنے، ٹی او آرز پر مشاورت کرنے والے وزرا دفاع کا اجلاس نہیں ہوا اسی لئے عسکری اتحاد کے ٹی او آرز طے نہیں ہوئے۔

ایکسپریس نیوز نے لکھا ہے کہ مشیرخارجہ کے بیان پر چئیرمین سینیٹ رضاربانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک سعودی اتحاد کے ٹی او آرز تک نہیں بنے اور فوج تیار ہوگئی آپ نے تو اس فوجی اتحاد کا سربراہ بھی مقرر کر دیا ہے، آپ کے سابق آرمی چیف سعودی اتحاد کی سربراہی کے لیے بھی چلے گئے، وہ  وہاں کیا کر رہے ہیں، ریٹائرڈ فوجی کرنل اور بریگیڈیئر رینک کے افسران وہاں جا رہے ہیں، امریکی سینیٹرز پاکستان آتے ہیں اور صرف اسٹیبلشمنٹ سے ملاقاتیں کرکے چلے جاتے ہیں انہوں نے کبھی منتخب نمائندوں سےملاقات نہیں کی۔

رضاربانی نے مشیر خارجہ سے استفسار کیا کہ اگر ٹی او آرز پاکستان کی مرضی کے مطابق نہ بنے تو حکومت کیا کرے گی، اگر اتحادی فوج کا قیام عمل میں آگیا اور اس نے مشرق وسطیٰ کے کسی ملک کے خلاف کارروائی کی تو آپ کیا کریں گے، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اس کا اثر نہیں پڑے گا۔

سرتاج عزیز نے جواب دیا کہ ہماری اطلاع کے مطابق ابھی تک عسکری اتحاد کی کوئی فوج ترتیب نہیں دی گئی، یمن میں جن ممالک نےفوج بھیجی ہے وہ اس اتحاد کےذریعے نہیں گئی جب کہ سابق آرمی چیف اسی  پالیسی پر عمل کریں گے جو پاکستان کی پارلیمنٹ بنائےگی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری