قطری وزیر خارجہ کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے بعد وطن واپسی


قطری وزیر خارجہ کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے بعد وطن واپسی

قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی پاکستان کا دو روزہ دورہ کرکے واپس قطر روانہ ہوگئے ہیں، اس ملاقات کا اصل مقصد سعودی عرب کے مطالبات سے وزیراعظم نواز شریف کوآگاہ کرنا تھا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے‘ جہاں انہوں نے سعودی قطر تنازعے کے حوالے سے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور بالخصوص اور خطے کی صورت ِحال پربالعموم تبادلہ خیال کیا‘ اس موقع پر مشیر ِ خارجہ سرتاج عزیز سمیت کابینہ کے اہم ارکان بھی موجود تھے۔

قطری وزیرخارجہ نے خلیجی ممالک کے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے بعد سعودی عرب کے مطالبات سے وزیراعظم نواز شریف کوآگاہ کیا جب کہ امیر کویت کی قطرسعودی عرب کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرقطری وزیرخارجہ نے خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے وزیراعظم نوازشریف کی کوششوں پرشکریہ ادا کرتے ہوئے پاک قطرتعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب اور مصر سمیت 7 عرب ممالک نے سیکیورٹی وجوہات پر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ سعودی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد نے قطر پر القاعدہ اور داعش کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔

پاکستان کے مشیرِخارجہ سرتاج عزیز نے اس حوالے سے پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی قطر تنازعے میں پاکستان غیر جانبدار رہنے کی پالیسی پر کاربند ہے اور رہے گا۔

یہاں یہ بھی یاد رہے کہ رواں ماہ قطری شہزادے نے پاکستان اور سفارت خانے آنے سے انکار کردیا تھا اور وزیر اعظم نواز شریف کو بھیجے گئے خط کی تصدیق کے لیے پاناما جے آئی ٹی کو دوحہ آنے کی دعوت دی تھی۔

پاناما جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے 19 مئی کو خط لکھ کر 25 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم شہزادہ حماد بن جاسم نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری