پاکستانی فوج کی فائرنگ سے 5 بھارتی فوجی ہلاک


پاکستانی فوج کی فائرنگ سے 5 بھارتی فوجی ہلاک

پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 فوجیوں کو ہلاک اور کئی کو زخمی کردیا جبکہ بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے ایک جوان سمیت 3 شہری بھی شہید ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی کے سیکٹر نیزا پیر، سبز کوٹ اور کیانی پر بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک فوجی شہید اور دو شدید زخمی ہوئے جبکہ 2 شہری بھی شہید اور 5 افراد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں کئی پوسٹ تباہ ہوگئے۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارت کے 5 فوجی بھی مارے گئے اور بھارتی بندوقیں خاموش ہوئیں۔

ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی پر پاک فوج ہمیشہ بھرپور، موثر اور پوری طاقت سے جواب دے گی'۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید دو کشمیری جاں بحق

بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر میں عام آبادی پر کی گئی فائرنگ سے 2 جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔

انسپکٹرجنرل پولیس (ڈی آئی جی) راشد نسیم کے مطابق نکیال سیکٹر کے لیے نقصان کے حوالے سے بدھ بدترین دن تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر پرعام آبادی پر اندھا دھند فائرنگ سے ایک جاں بحق اور کم از کم 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ضلع حویلی کے نیزاپور سیکٹر میں ایک جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔

ضلع بھنبھر کے سیکٹر سماہنی میں قدرے امن رہا تاہم ایک شخص وہاں بھی زخمی ہوگیا۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی راشد نسیم نے کہا کہ دھروتی بالاکوٹ گاؤں پر ایک گھر پر مارٹر گولوں کی فائرنگ سے 42 سالہ الیاس جاں بحق ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:ایل اوسی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو جاں بحق

بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں محمد اقبال، کاشف، افضل، محبوب، حسیب، محمد بشیر، عنبرین کوثر، عمیر مغل، محمد افضل اور رقیب حسین شامل ہیں۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ 'متاثرہ علاقوں سے خبریں آرہی ہیں کہ بھارتی فوج وحشیانہ انداز میں عام آبادی کو نشانہ بنارہی ہے جس کے نتیجے میں بھاری نقصان کا خدشہ ہے'۔

مقامی صحافی حاجی آزاد کا کہنا تھا کہ مسلسل فائرنگ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھاری شیلنگ ہورہی ہے اور بھارتی فوج جان بوجھ کر نقصان پہنچارہی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فائرنگ:پاک فوج کے 4 جوان دریائے نیلم میں ڈوب گئے

ایک پولیس کا اہلکار نے بتایا کہ مسلسل شیلنگ کے باعث پولیس نقصانات کا حتمی اندازہ لگانے سے قاصر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایل او سی کے قریبی علاقوں میں ہمارے پاس مواصلات کا ناقص انتظام ہے جس کے باعث نقصانات کی تفصیلات آنے میں تاخیر ہورہی ہے'۔

خیال رہے ایل اوسی پر گزشتہ کچھ عرصے سے حالات کشیدہ ہیں جہاں بھارتی فوج کی فائرنگ سے کشمیریوں کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوتی رہی ہیں۔

گزشتہ روز بھنبھر اور کوٹلی کے سیکٹرز میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ پیر کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر پر اندھادھند فائرنگ کی گئی تھی جہاں 6 افراد زخمی ہوئے تاہم کسی کے جاں بحق ہونےکی اطلاع نہیں تھی۔

بھارتی فوج نے دوروز قبل وادی نیلم میں بھاری شیلنگ کی تھی جس کے نتیجے میں گشت میں مامور پاک فوج کی گاڑی دریائے نیلم میں جاگری تھی اورگاڑی میں سوار 4 جوان شہید ہوئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری