کولیشن سپورٹ فنڈ؛ امریکی وزیر دفاع نے پاک فوج کو 5 کروڑ ڈالر کی ادائیگی روک لی


کولیشن سپورٹ فنڈ؛ امریکی وزیر دفاع نے پاک فوج کو 5 کروڑ ڈالر کی ادائیگی روک لی

پینٹاگون کا پاکستان پر طالبان سے منسلک حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے الزام کے بعد امریکی وزارت دفاع نے پاک فوج کو 5 کروڑ ڈالر کی ادائیگی روک لی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان ایڈم اسٹمپ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری دفاع جمز میتھیس نے کانگریس کی دفاعی کمیٹیوں کو بتایا کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ پاکستان نے مالی سال 2016 کے لیے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں اس ادائیگی کے لیے حقانی نیٹ ورک کے خلاف خاطر خواہ اقدامات اٹھائے۔

امریکا نے خصوصی فنڈ کے ذریعے پاکستان کی فوجی امداد کے لیے 90 کروڑ ڈالر مختص کیے تھے۔

پاکستان پہلے ہی اس فنڈ میں سے 55 کروڑ ڈالر حاصل کر چکا ہے، لیکن جم میٹس کے اس فیصلے کے بعد پاکستان کو 5 کروڑ ڈالر کی ادائیگی روک دی گئی ہے، جبکہ کانگریس پہلے ہی فوجی امداد میں 30 کروڑ ڈالر کی کمی کر چکی ہے۔

ایڈم اسٹمپ نے کہا کہ اس فیصلے سے گزشتہ کئی سالوں میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کی اہمیت کم نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ مالی سال 2017 میں سیکریٹری دفاع کے فیصلے پر اثرانداز ہونے کے لیے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرے۔

سراج الدین حقانی کی قیادت میں، جو طالبان کے نائب امیر بھی ہیں، حقانی گروپ نے کابل میں کئی حملے کیے اور افغانستان کی جانب سے مئی میں دارالحکومت میں ہونے والے ٹرک بم دھماکے کا الزام بھی اسی گروپ پر لگایا گیا تھا، جس میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری