پاناما معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرینگے، نواز شریف


پاناما معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرینگے، نواز شریف

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ حکومت ہر صورت اپنی آئینی مدت پوری کریگی جبکہ وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں ان ہاؤس تبدیلی لائی جائیگی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کیے جانے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور مشیروں کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کی قانونی ٹیم نے شرکاکو سپریم کورٹ میں ہونیوالی سماعت اور ممکنہ فیصلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس کی روشنی میں مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما معاملے پر سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کریگی اسے قبول کیا جائیگا اور ممکنہ طور پر حکومت مخالف فیصلہ آنے کی صورت میں تمام قانونی اورآئینی آپشنزاستعمال کیے جائیں گے۔

میڈیا کہ مطابق  مشاورتی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر ریلویز سعد رفیق، وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار، وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان سمیت اہم پارٹی رہنماؤں اور قانونی مشیروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ عدالت کا ہر فیصلہ تسلیم کیاجائیگا اور پاناماکیس کا فیصلہ حکومت کیخلاف آنے کی صورت میں محاذ آرائی نہیں کی جائیگی۔ شرکاء کوئی ایسی روایت قائم کرنے کے حق میں نہیں جس سے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی بے توقیری ہو، شرکاء نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تمام اتحادی آپ کیساتھ کھڑے ہیں، شرکاء نے کہا کہ نواز شریف منتخب وزیراعظم ہیں اور انہیں عوام اور پارٹی کی مکمل تائید حاصل ہے۔

اجلاس میں پاناما کیس کی سماعت اور وکلاء کے دلائل پر اظہار اطمینان اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حکومت ہر صورت اپنی آئینی مدت پوری کریگی جبکہ وزیراعظم کی نا اہلی کی صورت میں ان ہاؤس تبدیلی لائی جائیگی۔ قانونی ٹیم نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم کی نا اہلی کے امکانات بہت کم ہیں۔

علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کچھ لوگ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، اقتدار کی بھیک مانگنے والے اور اس کے بھوکے2018 کے الیکشن کی تیاری کریں، ہم اپنی کارکردگی پر مطمئن ہیں اور عوام آئندہ بھی ہمیں ہی ووٹ دیں گے، بعض عناصر کو سی پیک اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا، عدالت عظمیٰ پر پورا اعتماد ہے، عدالت کے سامنے سر تسلیم خم کیا، امید ہے سپریم کورٹ سے سرخرو ہونگے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری