حج 2017: عازمین کو ویکسین لگانے کا عمل جاری/ پروازوں کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا


حج 2017: عازمین کو ویکسین لگانے کا عمل جاری/ پروازوں کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا

سرکاری اسکیم کے تحت حج پروازوں کا آغازکل سے ہوگا جو 26 اگست تک جاری رہے گا۔ 426 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین سعودی عرب پہنچیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق عازمینِ حج کو موبائل پیغام اور خطوط کے ذریعے پروازوں کی اطلاع  دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ حج پروازوں کا شیڈول وزارت کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں عازمین حج کو ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔ تمام عازمینِ کو اپنی پرواز سے 10 روز قبل ویکسین لگوانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پاسپورٹ،ٹکٹ اورگلے کے لاکٹ پرواز سے دو دن قبل حاجی کیمپ سے ملیں گے۔


عازمینِ حج شناخت کے لی اپنے سامان کے اندر اور باہر اپنے کوائف ضرور تحریر کریں۔ مرد اور خواتین عازمینِ حج شناخت کے لیے اپنے احرام اور عبایا پر پاکستانی پرچم چسپاں کریں گے۔ پشاورسے پہلی پرواز کل11 بجے روانہ ہوگی۔


دوسری جانب ڈائریکٹر حج خیبر پختونخوا شکیل سیٹھی کے مطابق حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور حاجی کیمپ پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ دریں اثنا ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ پی آئی اے طیاروں کی کمی کے باعث حج آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔


ادھر قومی ایئر لائن تاحال حج شیڈول تیار نہیں کر سکی۔ پی آئی اے نے سعودی ایوی ایشن کو طیاروں کا شیڈول فراہم نہیں کیا اور شیڈول نہ ملنے کی وجہ سے ایس جی ایس نے ویزوں کا اجرا نہیں کیا۔ اطلاعات ہیں کہ پی آئی اے کو لیز پر بوئنگ 777 طیارہ تاحال نہیں مل سکا جس کے بعد اب امکان ہے کہ حج آپریشن کے لیے یورپ جانے والی پروازوں کا شیڈول متاثر کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں مزید اطلاعات آئی ہیں کہ طیاروں کی کمی سے پی آئی اے کا اندرون ملک فلائٹ کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے،دریں اثنا پی آئی اے میں پائلٹس کی شدید قلت بھی ہوگئی ہے ۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری