اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی نمازیوں پر حملہ ناقابل برداشت، پیروان ولایت جموں و کشمیر


اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی نمازیوں پر حملہ ناقابل برداشت، پیروان ولایت جموں و کشمیر

پیروان ولایت جموں و کشمیر کے سرپرست اعلیٰ نے کہا ہے کہ بیت المقدس کی آزادی اور تحفظ کے لئے جان نچھاور کرنے کے لئے تیار ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پیروان ولایت جموں و کشمیر کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی حملے اور بیت المقدس کی بے حرمتی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں مولانا قمی نے کہا ہے کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول اور حرمت والی جگہ ہے جس کی کسی بھی صورت میں بے حرمتی برداشت نہیں کی جائیگی۔

مولانا قمی نے نمازیوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گندی نالی پر پلنے والی گندی مکڑی اسرائیل، فلسطین میں آئے روز انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا کر مظلوم فلسطینیوں کو خاک و خون میں نہلا رہے ہیں۔

مولانا قمی نے انسانی حقوق کے دم بھرنے والی قوتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو ان شیطانی طاقتوں سے کوئی امید وابستہ نہیں رکھنا چاہئے بلکہ ان سے تعلقات منقطع کرکے مظلوم فلسطین سمیت دیگر مظلوم قوموں کے لئے اٹھ کھڑا ہونا چاہئیے۔

مولانا قمی نے کہا کہ سلامتی کونسل فلسطینیوں پر ہورہے اسرائیلی ظلم و ستم اور برما کے مسلمان پر حکومتی تشدد سے بخوبی واقف ہیں لیکن اقتصادی دھمکیوں سے مرغوب ہوکر اقوام متحدہ اسرائیل اور دیگر ظالم و جابر حکمرانوں کے خلاف منہ کھولنے سے خوف و ڈر محسوس کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو چاہئے کہ دھمکیوں کی پرواہ کئے بغیر غیر جانبدارانہ طور پر فلسطین کا مسئلہ حل کرکے مظلوم فلسطینیوں کو غاصب اسرائیل سے نجات دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں اور بیت المقدس کو اسرئیلی چنگل سے آزاد کرواکر اربوں مسلمانوں کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرکے دنیا  میں عدل و انصاف کی مثال قائم کریں۔

مولانا نے کچھ نام نہاد مسلمان حکمرانوں کی خاموشی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی متعدد بار بےحرمتی اور فلسطینی مظلوم عوام کے علاوہ دیگر مسلم ممالک میں صیہونی و سامراجی چنگیزیت اور بالادستی کے باوجود بھی کچھ نام نہاد مسلم حکمران ان شیطانی طاقتوں کے کندھے سے کندھا ملا رہے ہیں اور مسلمانوں کے کشت و خون میں برابر کے شریک ہورہے ہیں۔

مولانا نے مزید کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ روئے زمین پر مقیم اربوں مسلمان بیت المقدس کو مٹھی بھر غاصب اسرائیل سے ابھی تک بازیاب نہ کرسکے۔

انہوں نے عالم اسلام سے پر زور استدعا کی کہ وہ مسلکی اختلافات کو ایک طرف رکھ  ایک ہوکر بیت المقدس کی آزادی کے لئے عالمی برادری پر دباؤ ڈالیں اور مظلوم فلسطینیوں سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت کے لئے آگے آئیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری