لاہور: فیروز پور روڈ پر خودکش دھماکا، 26 افراد جاں بحق اور 28زخمی

خبر کا کوڈ: 1473350 خدمت: پاکستان
لاہور دھماکہ

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے فیروز پور روڈ پر واقع ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 58 افراد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے فیروز پور روڈ پر واقع ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 58 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

حکومت پنجاب نے ڈپٹی کمشنر لاہور کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 تک پہنچ چکی ہے جس میں 9 لاشیں ایل ایج جی ہسپتال، 2 سروسز ہسپتال، 13 جناح ہسپتال اور ایک اتفاق ہسپتال میں لائی گئی۔

حکومت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے زخمیوں کی تعداد 39 تک پہنچ چکی ہے، جنہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

اس سے قبل سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عمران اعوان نے دھماکے میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ایس پی عمران اعوان کا کہنا تھا کہ علاقے میں انسداد تجاوزات کی مہم جاری تھی اور اس کے لیے علاقے میں پہلے سے پولیس تعینات تھی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے دھماکا خودکش ہونے کی تصدیق کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار جائے وقوع پہنچ گئے اور جائے وقوع سے تمام افراد کو دور کر کے اسے گھیرے میں لے لیا۔

پاک فوج اور پنجاب رینجرز کے دستے بھی لاہور میں دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے۔

دھماکے کے نتیجے میں 3 موٹر سائیکلوں اور ایک کار کو نقصان پہنچا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے لاہور دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’لاہور دھماکے میں کئی خاندان تباہ ہوئے جس کے بعد جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دھماکے کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے اور جاں بحق افراد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کی لعنت پر 70 سے 80 فیصد تک قابو پالیا۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری