افغان رکن پارلیمنٹ: اشرف غنی پاکستان پر تنقید کرنے کے بجائے جنگی امور کو ڈھنگ سے سنبھال لے


افغان رکن پارلیمنٹ: اشرف غنی پاکستان پر تنقید کرنے کے بجائے جنگی امور کو ڈھنگ سے سنبھال لے

افغان پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے داخلی سلامتی امور کے رکن نے دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشرف غنی پاکستان پر انگشت نمائی کرنے کے بجائے جنگی امور کو بہتر طریقے سے سنبھالے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق افغانستان پارلیمنٹ کی داخلی سلامتی کمیٹی کے رکن صالح محمد صالح نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف افغان فوج کی کارروائیوں کو سراہتے ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اشرف غنی حکومت اس جنگ کی صحیح نگرانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ذمہ دار افراد اپنی ذمہ داریوں سے بچنے اور عدم کارکردگی چھپانے کے لئے پاکستان کے خلاف الزام تراشی پر اتر آتے ہیں، انہیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو بہتر کرنا چاہئے تاکہ ملک دشمن عناصر سے جنگ بہتر طریقے سے جاری رہے۔

انہوں نے افغان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاک افغان سرحد پر نگرانی سے متعلق اقدامات کو سخت کرنا چاہئے۔ پولیس اور فوج کو ان کے امکانات اور اختیارات دے دئے جائیں جبکہ سیاستدانوں کو صرف ملک کی سیاست پر توجہ دینی چاہئے۔

افغان رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ افغان حکومت کیلئے پاکستان راہ فرار کی شکل اختیار کر گیا ہے، ہر مشکل کو پاکستان سے جوڑا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی حکومت ہماری رقیب ہے تو افغانستان کا دفاع ہمارا فریضہ ہے۔

یاد رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے اس سے قبل کہا تھا کہ ان کے ملک میں داخلی جنگ نہیں ہے اور افغان فوج بین الاقوامی دہشت گردوں کے مد مقابل قربانیاں پیش کر رہی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری