مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف ہڑتال اور مظاہرے


مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف ہڑتال اور مظاہرے

مقبوضہ کشمیر میںبھارتی حکام کی طرف سے حریت رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف تمام کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند کرکے مکمل ہڑتال اور جگہ جگہ مظاہرے کئے گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قابض انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق،محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماؤں کو گھروں اور جیلوں میں نظربند کررکھا تھا، بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے حریت رہنماؤں الطاف احمد شاہ، معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ، ایازمحمد اکبر، شاہد الاسلام اورنعیم احمدخان کو سرینگر سے جبکہ فاروق احمد ڈار کو نئی دلی سے گرفتار کیا تھا، سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک بیان میں حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

دریں اثنا انڈیا میں ایک خصوصی عدالت نے حریت کانفرنس کے رہنما سید علی شاہ گیلانی کے داماد الطاف احمد،مسٹرگیلانی کے ایک معاون ایاز اکبر سمیت 7 مبینہ کشمیری علیحدگی پسندوں کو 10دن کے لیے قومی تفتیشی ایجنسی یا این آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔ ان لوگوں پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے پاکستان سے غیر قانونی طور پر فنڈز حاصل کرنے کا الزام ہے۔

ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ریمانڈ کی کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ این آئی اے کو جو بھی معلومات چاہیے تھی وہ پہلے ہی ان لوگوں سے حاصل کی جاچکی ہے لیکن عدالت نے انکی دلیل کو مسترد کر دیا، ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے حریت رہنماؤں کی بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے جھوٹے الزامات کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلا جواز اور سیاسی انتقام پر مبنی کارروائی قراردیا ہے۔

دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے عمر قید کی سزا کاٹنے والے ڈاکٹر محمد قاسم اور ان کی غیر قانونی طورپر نظر بند اہلیہ آسیہ اندرابی کو ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قراردیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ فاروق عبد اللہ نے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی سمیت مسئلہ کشمیر پر تیسرے فریق کی ثالثی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کے بغیر خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے جبکہ بی جے پی کے ترجمان نرسیمارا نے کہا کہ فاروق عبداللہ حریت پسندوں اورپاکستان کی زبان بول رہے ہیں،کشمیر پر ثالثی پاکستان کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری