جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کرنا ناگزیر/ کراچی طرز کا رینجرز آپریشن کیا جائے


جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کرنا ناگزیر/ کراچی طرز کا رینجرز آپریشن کیا جائے

پاکستان سنی تحریک کے رہنماؤں نے تاکید کی ہے کہ جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کرانے کیلئے کراچی طرز کا رینجرز آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے رہنماؤں علامہ مجاہد عبدالرسول خان، سردار محمد طاہر ڈوگر، شیخ محمد نواز قادری، علامہ سرفراز سیالوی نے ارفع کریم ٹاور کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں ہونیوالے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اسلام اور پاکستان کے بدترین دشمن ہیں، دہشتگردی کیخلاف ہمارے عزائم کمزور نہیں ہونگے، سانحہ پر پوری قوم کے دل زخمی ہیں، پاکستان کا امن خراب کرنیوالوں کو کٹہرے میں لایا جائے، جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کی جائیں، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پنجاب میں کراچی طرز کا رینجرز آپریشن کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوٹ لکھپت سبزی منڈی نے دہشتگردی کو کچل دینے کے تمام حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا ہے، خودکش دھماکے کی ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کی جائیں، حکومت اپنی غفلت کی وجہ سے ضرب عضب میں دی گئی پاک فوج کی قربانیاں ضائع کر رہی ہے، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔

سنی تحریک کے رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی صفوں میں موجود کالعدم جماعتوں کے سیاسی ہمدردوں اور سہولت کاروں کو کابینہ سے الگ کیا جائے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کیلئے اپنی جانیں نثار کرنیوالے پولیس افسران اور اہلکار ہمارے ہیروز ہیں ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان سنی تحریک دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیساتھ برابر کی شریک ہے، دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری