ایف سی کی بلوچستان اور سی ٹی ڈی کی کراچی میں کارروائیاں/ متعدد دہشتگرد ہلاک اور زخمی


ایف سی کی بلوچستان اور سی ٹی ڈی کی کراچی میں کارروائیاں/ متعدد دہشتگرد ہلاک اور زخمی

ایف سی نے بلوچستان کے علاقوں کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں جبکہ سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں کارروائی کرکے متعدد دہشتگردوں کو گرفتار، زخمی اور ہلاک کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایف سی نے بلوچستان کے علاقوں کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کر کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی نے کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نی کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کیمپ بھی مسمار کر دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور فورسز پرحملوں میں ملوث تھے۔

خیال رہے ایف سی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفساد کے تحت کئی دہشت گردوں کو ہلاک اور سہولت کاروں کو گرفتار کیا ہے جبکہ اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

ایف سی نے گزشتہ ماہ 31 جولائی کو دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 2 ہزار کلوگرام دھماکا مواد برآمد کرلیا جبکہ دو مشتبہ فراد کو بھی حراست میں لیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جون میں پاک فوج نے بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت اسپلنجی اور مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے 12 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کاہان سے 55 کلومیٹر دور سکھن نالہ دارانگو میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں اور کارروائیوں کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئیں۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 'دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں بندوقیں، راکٹ لانچر،مائنز، ڈیٹونیٹرز اور مواصلاتی آلات شامل ہیں'۔

دوسری جانب مچھر کالونی کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں کارروائی کی جس میں دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ سی ٹی ڈی نے ان کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو شناخت کے لئے سردخانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی عمر شاہد حامد کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بم، آئی ڈیز اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا جب کہ مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری