افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعاون کے خواہاں ہیں، پاکستان آرمی چیف


افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعاون کے خواہاں ہیں، پاکستان آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دیرپا قیام امن کے لیے ہم افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعاون کے خواہاں ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس کے دوران اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ڈان نیوز نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا ہے کہ اجلاس کے دوران خطے اور بالخصوص افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال بھی زیر غور آئی اور علاقائی امن اور سیکیورٹی کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا گیا۔

بیان کے مطابق اجلاس کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں، آرمی چیف نے آپریشن خیبر فور کی کامیابی کی بھی تائید کی۔

قومی سلامتی اور سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی آئین اور قانون کی عملداری قائم ہوگی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری