لاہور کھڑے ٹرک میں دھماکہ 46 افراد زخمی


لاہور کھڑے ٹرک میں دھماکہ 46 افراد زخمی

لاہو میں فروٹ سے بھرے ٹرک میں دھماکے سے 46 افراد خاک وخوں میں غلطاں ہوگئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، لاہور میں مبینہ طور پر ٹرک میں ہونے والے دھماکے میں 46 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق دھماکے سے ٹرک مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ دھماکے کی شدت سے جائے وقوعہ پر 10 سے 15 فٹ گہرا گڑھا بن گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، دھماکا  اتنا شدید تھا  کہ جس سے پارکنگ میں کھڑی کاروں،اور موٹر سائیکلوں سمیت 100 سے زائد  گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے  کہ خوبانی کی پیٹیوں سے بھرے ٹرک کو سوات سے لاہور لایا گیا تھا جبکہ یہ ٹرک گذشتہ تین دن سے پارکنگ میں موجود تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ٹرک میں چھپایا گیا تھا جس کی  تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ایس پی سٹی پولیس نے بھی  تصدیق کی ہے کہ دھماکا خیز مواد ٹرک میں ہی چھپایا گیا تھا جس کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

 ایم ایس میاں منشی اسپتال کے مطابق 22 کے قریب افراد کو طبی امداد کے لئے اسپتال لایا گیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 14 افراد معمولی زخمی ہوئے تھے جنہیں فارغ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے فیروز پور روڈ پر واقع ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد شہید جبکہ 58 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

لاہور میں ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے ’موٹرسائیکل بم‘ استعمال کیا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری