کراچی؛ تحریک طالبان کے مدرسے پر سی ٹی ڈی کا چھاپہ، 7 افراد گرفتار


کراچی؛ تحریک طالبان کے مدرسے پر سی ٹی ڈی کا چھاپہ، 7 افراد گرفتار

سی ٹی ڈی سندھ نے کراچی میں کالعدم تحریک طالبان سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے مدرسے کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا۔

خبر رساں ادارے تسانیم کے مطابق سی ٹی ڈی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ( ایس ایس پی) عمر شاہد حامد نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ کراچی کے علاقے سائٹ میں واقع الکریم اسلامک اکیڈمی میں سرچ آپریشن کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ مدرسہ خطرناک دہشت گرد اور ٹی ٹی پی کے کمانڈر مفتی شاکر نے قائم کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مفتی شاکر 14-2013 کے دوران ضلع وسطی اور غربی میں کئی پولیس اہلکاروں کے قتل کا ذمہ دار ہے اور اس پر پولیس سپرنٹنڈنٹ چوہدری اسلم کے قتل میں بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

اس کے علاوہ مفتی شاکر کے اس دہشت گرد گروپ کے ماسٹرمائنڈ ہونے کا بھی انکشاف ہوا تھا جس کے 3 مشتبہ دہشت گردوں کو سی ٹی ڈی نے 7 اگست کو مچھر کالونی کے علاقے میں انکاؤنٹر کے دوران ہلاک کر کے گروپ کو "بےاثر" کردیا تھا۔

عمر شاہد حامد نے دعویٰ کیا کہ ہلاک کیے جانے والے دہشت گرد کراچی میں بڑے پیمانے پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مفتی شاکر بھی مشتبہ طور پر ان گروپوں میں سے کم از کم ایک کا حصہ ہے، جو کراچی میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں۔

یاد رہے کہ جون میں سائٹ کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

جولائی میں بھی کراچی میں پولیس اہلکاروں پر حملے کے دو واقعات پیش آئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری