نواز شریف اب گھر بیٹھنے والا نہیں، سابق وزیراعظم


نواز شریف اب گھر بیٹھنے والا نہیں، سابق وزیراعظم

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روشنیاں واپس لانے پر مجھے نااہل کر کے 20 کروڑ عوام کے ووٹ کی تذلیل کی گئی لیکن میں اب گھر بیٹھنے والا نہیں ہوں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہاں کی عوام نے جس طرح کا فقید المثال استقبال کیا وہ میں عمر بھر نہیں بھولوں گا، میں خوش نصیب ہوں کہ گوجرانوالہ کی عوام مجھ سے اتنا پیار کرتی ہے جب کہ میں گھر جا رہا تھا کہ مجھے لوگوں کے پیار نے روک لیا، مجھے یاد ہے کہ ججز کی بحالی کیلیے جب لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچا تو اعلان ہو گیا کہ ججز بحال ہو گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مالک 20 کروڑ عوام ہے، نواز شریف کو آپ نے وزیر اعظم بنایا تھا اور آج نواز شریف کو ججز نے نکال دیا مگر مجھے صرف کاغذوں پر نکال دیا گیا لیکن آپ کے دلوں سے نہیں نکال سکے۔ انہوں نے کہا کہ کل نواز شریف کو یہ لوگ دوبارہ وزیراعظم بنا دیں گے مگر میرا مقصد وزیراعظم بننا نہیں ہے، مجھے بڑی رسوائی سے نکالا گیا جس پر بتایا تو جائے کہ میں نے کیا کیا تھا، کون سی کرپشن کی گئی تھی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 70 سالوں سے یہ تاریخ رہی ہے جو بھی وزیراعظم آیا اسکو ذلیل کر کے نکالا گیا، پاکستان کا امن راس نہیں آیا، کیا 20 کروڑعوام کے ووٹ کی کوئی عزت ہے یا نہیں، کچھ لوگوں کو پاکستان کی ترقی برداشت نہیں ہوئی کیوں کہ یہ لوگ سوچ رہے تھے کہ نواز شریف کامیاب ہو گیا تو 2018 میں دوبارہ آ جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان پر امن ہو رہا تھا، پاکستان میں موٹرویز اور ہائی ویز بن رہی تھیں اور کیا ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے کے ساتھ یہ سلوک کیا جاتا ہے جب کہ پاکستان میں روشنیاں واپس لانے پر مجھے نا اہل کیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے یہاں سی پیک شروع کیا جس سے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے لیکن نااہلی کے اس طرح کے فیصلے ملک کو 50 سال پیچھے دھکیل دیتے ہیں جب کہ میں یہاں وزیراعظم بننے نہیں آیا اور نہ خود کو بحال کرنے آیا ہوں بلکہ پاکستان کی عزت اور وقار بحال کرانے آیا ہوں اور پاکستان کی یہ توہین مزید برداشت نہیں کریں گے، اس قت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک نوجوانوں کو باعزت روزگار نہیں ملتا، آپ کے ووٹ کا احترام ہو گا تو آپ کو حقوق ملیں گے اور ترقی عروج پر جائے گی، میرا ساتھ دو آؤ مل کر پاکستان کو بدل دیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری