مصر میں 2 ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک، 123 زخمی

مصر کے شہر اسکندریہ میں دو ٹرینوں کے تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک اور 123 زخمی ہو گئے۔

مصر میں 2 ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک، 123 زخمی

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ریل فنی خرابی کےباعث کھڑی تھی کہ دوسری ریل روانی میں ٹکرا گئی جس کے باعث خوف ناک حادثہ رونما ہوا۔

اے ایف پی نے مصری وزارت ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ایک ریل دارالحکومت قاہرہ سے اسکندریہ جارہی تھی جبکہ دوسری ریل پورٹ سعید سے آرہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو چادروں اور کمبلوں کے ذریعے ریلوے ٹریک سے باہر نکال کر قریبی کھیت میں رکھا گیا تھا۔

وزارت صحت کے مطابق 75 ایمبولینسوں کو امداد کارروائیوں کے لیے جائے حادثے کی جانب روانہ کردیا گیا ہے جبکہ اسکندریہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

نائب وزیرصحت شریف وادی نے ایک ٹیلی ویژن کو انٹرویو میں کہا کہ اکثر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے حادثے کے متاثرہ خاندانوں سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر 2012 میں مصر میں ایک ریل اسکول کے بچوں کی گاڑی پر چڑھ دوڑی تھی جہاں 47 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کے بعد آج پیش آنے والے حادثے کو ملک میں ریل کا سب سےبڑا حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

اس حادثے نے پوری حکومتی مشینری کو ہلا کر رکھ دیا تھا جبکہ وزیرٹرانسپورٹ کو برطرف اور ریلوے کے سربرا ہ کو معطل کردیا گیا تھا۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی دنیا خبریں
اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری