شہید محسن حججی کا نام ملکی اور علاقائی اقوام میں زندہ و تابندہ رہے گا


شہید محسن حججی کا نام ملکی اور علاقائی اقوام میں زندہ و تابندہ رہے گا

ایران میں تعینات شامی سفیر نے داعش کے ہاتھوں ایران کے عسکری مشیر 'محسن حججی' کی شہادت پر ان کے اہل خانہ اور ایرانی قوم کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور کہا کہ شہید حججی کا نام ملکی تاریخ اور علاقائی اقوام میں زندہ و تابندہ رہے گا.

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، شامی سفیر 'عدنان محمود' نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں ایران کے عسکری مشیر محسن حججی کی شہادت پر ان کے لواحقین، ایرانی قوم اور سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا.

انہوں نے مزید کہا کہ داعش کے درندہ دہشتگردوں کی جانب سے شام،عراق سرحدی علاقے میں محسن حججی کو سفاکانہ طور پر قتل کرنا خطے میں بالخصوص عراق اور شام میں ناپاک دہشتگردوں کی بربریت اور ان کے شیطانی مظالم کا حصہ ہے.

شامی سفیر نے کہا کہ ایسی ہولناک کاروائیوں اور بے لگام دہشتگردوں کی بربریت میں انتہاپسندوں کے حامی بشمول امریکہ، مغربی ریاستیں اور خطے میں موجود ان کے حواری ممالک ہیں جن کی جانب سے دہشتگردوں اور تکفیری گروپوں کی مالی معاونت اور ھتھیاروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ محسن حججی جیسے مظلوموں اور شہیدوں کا خون رنگ لائے گا اور اس جنگ میں دہشتگردوں اور تکفیریوں کو شکست ملے گی.

یاد رہے کہ 25 سالہ ایرانی مجاہد اور عسکری مشیر محسن حججی اصفہان صوبے کے علاقے نجف آباد سے تعلق رکھتے تھے.

داعش کے دہشتگردوں نے شام اور عراق کی سرحد پر ان کو پہلے اسیر کیا اس کے بعد محسن حججی کو بے دردی سے شہید کیا گیا.

اعلی ایرانی رہنما بالخصوص گارڈین کونسل کے چیئرمین آیت اللہ احمد جنتی، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی اور وزیر ثقافت و اسلامی گائیڈنس سید رضا صالحی امیری نے بھی اپنے خصوصی پیغامات میں محسن حججی کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری