کرپشن کے خلاف جہاد اور عدلیہ کی حفاظت کرینگے، حمید گل کا نظریہ سدا زندہ رہیگا + تصاویر


کرپشن کے خلاف جہاد اور عدلیہ کی حفاظت کرینگے، حمید گل کا نظریہ سدا زندہ رہیگا + تصاویر

تحریک نوجوانان پاکستان کے زیر اہتمام آئی ایس آئی کے سابق سربراہ حمید گل کی دوسری برسی کے موقع پر اسلام آباد میں فکر حمید گل کنونش کا اہتمام کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تحریک نوجوانان پاکستان کے زیر اہتمام  آئی ایس آئی کے سابق سربراہ حمید گل کی دوسری برسی کے موقع پر اسلام آباد میں فکر حمید گل کنونش کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے نوجوان کارکنان کے ساتھ ساتھ جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور ٹی وی اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر تحریک نوجوانان کے سربراہ اور حمید گل کے فرزند عبداللہ گل کا کہنا تھا کہ آج حمید گل ہم میں موجود نہیں لیکن ان کا نظریہ اور مشن زندہ ہے۔ آج نوجوان کرپشن فری پاکستان، عدلیہ کی آزادی اور نرم انقلاب کے لئے سرگرم ہیں۔ جوانان کسی صورت بھی عدلیہ پر دباؤ یا اس کی آزادی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ آج کی اس تقریب کا مقصد کرپٹ عناصر کو یہ پیغام دینا ہے کہ آزاد عدلیہ کی حفاظت کیلئے پاکستان کا ہر جوان سپاہی بن کر کھڑا ہو گا۔ عدلیہ پر کسی بھی قسم کا دباؤ برداشت نہیں۔

اس موقع پر عدلیہ پر سیاسی دباؤں اور توہین آمیز زبان کے استعمال کے خلاف قرارداد بھی منظور کی گئی۔

جنرل حمید گل کے فرزند نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہماری جدوجہد انتخابی نہیں بلکہ انقلابی ہے۔ ہمیں اس نظام سے خیر کی توقع نہیں ہے۔ اسلام میں سیاسی یا مذہبی فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ملک میں آرٹیکل 2-A کے مطابق اللہ کی حاکمیت اعلیٰ کا عملی نفاذ کیا جائے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عدلیہ سارے چوروں کو پکڑے گی اور بلا امتیاز احتساب ہو گا۔ آج اپنے والد کی طرح احتساب کیلئے خود کو پیش کرتا ہوں۔ تمام حلقے یہ سن لیں ملک میں تمام کرپٹ ٹولوں کے احتساب تک کرپشن فری پاکستان کی تحریک جاری رکھیں گے۔ آج سے ملک بھر میں کرپشن کیخلاف جہاد اور تحریک کا اعلان کرتے ہیں۔ کوئی سپاہی ہو یا کاروباری، جج ہو یا جنرل اب پاکستانی عوام کو حساب دینا ہے۔ ملکی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

عبداللہ حمید گل نے تاکید کی کہ اگر مطالبات پر عمل ہوتا نظر نہ آیا تو میں عبداللہ حمید گل سر پر کفن باندھ کر لاکھوں نوجوانوں کے ہمراہ ایک سپاہی کی صورت میں سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔ اب پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ پاکستان دنیا کو عدل اور مساوات کا متبادل نظام دے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری