امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا وفد کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ

خبر کا کوڈ: 1496231 خدمت: پاکستان
امریکی سینٹرل کمانڈ

امریکی وفد نے یوایس سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل کی سربراہی میں شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فوج کے آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو ایس سینٹ کام کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل کی قیادت میں امریکی وفد شمالی وزیرستان ایجنسی پہنچا تو کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع پر امریکی وفد کو شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشنز اور پاک افغان بارڈر سیکیورٹی مکینزم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سرحد پر نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ وفد کو شمالی وزیرستان کی سماجی و معاشی ترقی بشمول عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

امریکی وفد نے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پاک فوج  اور مقامی قبائل کی قربانیوں اور کاوشوں کو بھی سراہا۔ وفد نے پاک افغان مشترکہ بارڈر سیکیورٹی تعاون کی اہمیت کا بھی اعتراف کیا۔ بعد ازاں امریکی وفد نے آرمی پبلک اسکول میرانشاہ کا بھی دورہ کیا اور طالب علموں سے ملاقات کی۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری