تہران میں پاک ایران سیکورٹی حکام کا اجلاس، سرحدی امور پر اہم بات چیت


تہران میں پاک ایران سیکورٹی حکام کا اجلاس، سرحدی امور پر اہم بات چیت

پاک ایران سرحد سیکورٹی اجلاس تہران میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور مشترکہ سرحد پر سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تہران میں پاک ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان سیکورٹی کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کرنے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جہاں پاکستانی وفد کی قیادت ہوم سیکرٹری طارق محمود خان کررہے تھے۔

پاکستان ایف سی فورس کے نمائندے اور دیگر اعلی عہدہ داروں سمیت تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام  بھی اجلاس میں شریک تھے۔

دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے سرحدی فورس کے کمانڈر اور صوبہ سیستان و بلوچستان کے اعلیٰ حکام نے پاکستانی وفد کے ساتھ دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس سے ایرانی وفد کے سربراہ ڈاکٹر ذولفقاری نے پاکستانی وفد کو یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی اور پاک ایران دوستی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "دنوں برادر ملک مذہبی، ثقافتی اور سماجی طور پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں"۔

ذولفقاری کا کہناتھا کہ ہمارے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بعض ممالک دہشتگردوں کو سپورٹ کررہے ہیں۔

ڈاکٹر ذولفقاری نے مزید کہا کہ ہمارا خطہ دہشتگردی اور پراکسی وار کا شکار ہے جبکہ بعض اغیار اور غیرعلاقائی ممالک اپنے مفادات کے لئے ہمارے خطے کو تباہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اور نام نہاد دین اور مذہب کے لئے اسلام کو بدنام کررہے ہیں۔

نائب ایرانی وزیر داخلہ نے پاک ایران سرحد پر موجود مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سرحدوں پر منشیات، ایندھن کی اسمگلنگ، شہریوں کی غیرقانونی موومنٹ جیسی سرگرمیوں کا سدباب کیا جائے جہاں سے ایران کیخلاف دہشتگردی کی کاروائیاں بھی ہوتی رہی ہیں۔

اس ملاقات میں ہوم سیکرٹری طارق محمود نے ایران کے دوسری مرتبہ صدر بننے والے ڈاکٹر حسن روحانی کی حالیہ تقریب حلف برداری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان برادر اور پڑوسی ملک ہیں جن کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی مشترکات قائم ہیں۔

طارق محمود خان نے مزید کہا کہ ایران ہمارا بہت قریبی ملک ہے اور اس وقت میں سمجھتا ہوں کہ لاہور یا کراچی میں بیٹھا ہوا ہوں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا جس کے ذریعے سے دونوں ممالک کے عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لئے مدد ملے گی۔

ہوم سیکرٹری نے مزید کہا کہ دہشتگردی ناصرف ایران اور پاکستان کے لئے بلکہ پوری دنیا کے لئے ناسور ہے مگر ہمیں یقین ہے کہ دوطرفہ تعاون کے ذریعے اس لعنت کے خاتمے کے لئے کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار رہا ہے تاہم اس لعنت کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحدی حدود کا احترام اور قانون کی پاسداری سے ہی معاملات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی بھی دونوں ممالک کے تعلقالت پر منحصر ہیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری