تحریک طالبان نے 8 بمبار لاہور بھجوادئیے، دہشتگردی کا خطرہ


تحریک طالبان نے 8 بمبار لاہور بھجوادئیے، دہشتگردی کا خطرہ

صوبائی دارالحکومت میں وی وی آئی پیز شخصیات، قونصلیٹ دفاتر، وی وی آئی پی ہوٹلز، پبلک مقامات پر دہشتگردی کے بادل منڈال رہے ہیں کیونکہ ٹی ٹی پی کے سابق کمانڈر نے 6 سے 8 خود کش بمبار لاہور بھجوادئیے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حساس اداروں نے دہشتگردی کے خطرے سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو اطلاع کردی ہے۔ اخبار کے مطابق حساس اداروں نے اطلاع دی ہے کہ ٹی ٹی پی کے سابق کمانڈر شہریار مسعود جو کہ آج کل افغانستان کے علاقہ کنٹر میں چھپا ہے اس نے دہشتگردی کی پلاننگ کی ہے جس میں اسے طارق غدار اور دیگر گروپوں کی مدد حاصل ہے۔ دہشتگردوں نے کارروائی کیلئے 6 سے 8 خود کش بمبار بھجوائے ہیں جو لاہور میں واقعہ قونصلیٹ دفاتر، وی وی آئی پی ہوٹلز، پبلک مقامات، ہسپتال، سکولز، مساجد سمیت دیگر مقامات اور اہم شخصیات کے ساتھ دہشتگردی کی کارروائی کرسکتے ہیں۔

ڈیلی پاکستان نے لکھا ہے کہ حساس اداروں نے دہشتگردی کے خطرے کے حوالے سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو مطلع کردیا ہے، جس پر آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے تمام سی پی اوز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سکیورٹی اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اہم شہروں ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، شیخوپورہ، اٹک، رحیم یار خان، بہاولپور سمیت دیگر اہم شہروں میں بھی دہشتگردی کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو دہشتگردی کے خطرے سے آگاہ کردیا اور سکیورٹی اپ گریڈ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

گشت کرنے والی تمام سرکاری گاڑیوں کو مشکوک افراد و گاڑیوں کی سخت چیکنگ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے اورنفری بڑھادی گئی ہے۔ تھانہ سطح پر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے، جس کی رپورٹ ڈی آئی جی آپریشن لاہور کے دفتر بھجوائی جارہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری