سعودی عرب، پاک امریکہ تنازعہ میں کوئی کردار ادا نہیں کرسکتا، عبداللہ گل


سعودی عرب، پاک امریکہ تنازعہ میں کوئی کردار ادا نہیں کرسکتا، عبداللہ گل

سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل (ر) حمید گل مرحوم کے صاحبزادے عبداللہ گل نے کہا ہے کہ سعودی عرب ابتک فوجی اتحاد کے خدوخال واضح نہیں کرسکا اسلئے پاک امریکہ تنازعے میں بھی کسی قسم کا کردار ادا نہیں کر سکے گا۔

خبر رساں ادارہ تسنیم: سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل (ر) حمید گل مرحوم کے صاحبزادے عبداللہ گل نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاک امریکہ تنازعے میں کسی قسم کا کردار ادا نہیں کر سکے گا، سعودی عرب کی جانب سے قائم کئے گئے فوجی اتحاد کے خدوخال اور اہداف اب تک واضح نہیں ہو سکے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب نے حال ہی میں ریاض میں ہونے والی کانفرنس کے دوران امریکہ کے پلڑے میں بہت زیادہ وزن ڈال دیا ہے۔

سرکاری ریڈیو کے ساتھ گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے امریکہ کے ساتھ بلین ڈالرز کے دفاعی معاہدے کر لئے ہیں، دیگر معاہدوں اور تازہ معاہدوں کی بنیاد پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ سعودی عرب کسی بھی معاملے میں امریکہ کو چیلنج نہیں کرسکتا۔ سعودی عرب امریکہ کو ہوش کے ناخن لینے پر مجبور نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ ایک بات چیت تو ہو سکتا ہے لیکن اس سے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہو سکیں گے۔ پاکستان امریکہ کے سامنے سینہ سپر ہو جائے اور مشرف کے نائن الیون کے بعد لئے گئے غلط فیصلوں سے انحراف کرتے ہوئے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہے کہ ہم اس دہشت گردی کی جنگ سے باز آئے، اس طرح امریکہ گھٹنے ٹیک دے گا۔ امریکہ افغان جنگ ہار چکا ہے، جس کا ملبہ اب پاکستان پر ڈالا جارہا ہے۔

عبداللہ گل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسی  ہزار جانیں دیں اور سو بلین ڈالر کے قریب اپنا معاشی نقصان کیا، بارہ سو ارب ڈالر لگا کر بھی آئی سیف اور نیٹو فورسز افغانستان جنگ میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ امریکہ نے افغان جنگ میں سوائے رسوائی اور ہار کے کچھ حاصل نہیں کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ خود اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ امریکہ افغان جنگ ہار چکا ہے، دوسرا امریکی جرنیل کرپٹ اور نااہل بھی ہیں، ان میں صلاحیت نہیں کہ وہ یہ جنگ جیت سکیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری